ابوظبی ٹیسٹ کا دوسرا دن ، پاکستان کی بیٹنگ جاری

بدھ 1 جنوری 2014 11:44

ابوظبی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم جنوری 2014ء) ابوظبی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستان نے گذشتہ روز کے اسکور46 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا، احمد شہزاد 25 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بالرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت لنکن بیٹنگ کا قلعہ پاش پاش ہوگیا،پوری ٹیم صرف204رنز پر چت ہوگئی۔

جنید خان نیصرف58 رنز کے عوض آدھی بیٹنگ لائن ٹھکانے لگادی۔ڈیبیو کرنے والے بلاول بھٹی نے تین کھلاڑیوں پر ہاتھ صاف کیا جبکہ سعید اجمل نے دو وکٹوں پر اکتفا کیا۔ جے کے(جنید خان)اور بلاول نے مضبوط سری لنکن بیٹنگ لائن کو تاش کے پتوں کی طرح بکھیر دیا۔ کپتان اینجلو میتھیوز کے سوا کوئی اور پلیئر مزاحمت نہ کرسکا۔وہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور نو رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔

(جاری ہے)

اچھے آغاز کے باوجود سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 204رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ منگل کو ابوظبی میں پاکستانی قائد مصباح الحق نے ٹاس جیت کر اپنے بولرز کے ہاتھ میں گیند تھمادی۔ جنید خان اینڈ کمپنی نے کپتان کے اس اظہار اعتماد کو درست ثابت کردکھایا۔ پاکستان کی پیس بیٹری نے چارج ہونے میں تھوڑا ٹائم لیا اس دوران سری لنکن اوپنرز دموتھ کرونارتنے اور کوشل سلوا نے ٹیم کو 57رنز کا آغاز فراہم کردیا۔

اس موقع پرجنید نے38 پر کھیلتے کرونارتنے کی وکٹ لیکر ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔ کھانے کے وقفے پر سری لنکا کا اسکور ایک وکٹ پر 66 رنز تھا۔ وقفے کے بعد جنید خان اور بلاول بھٹی دوسرے روپ میں دکھائی دیے اور تباہی پھیلا دی۔ کوشل سلوا 20،کمار سنگاکارا 16، مہیلا جے وردھنے5، دنیش چندیمل صفر، پرسننا جے وردھنے اور سچترا سینانائکے 5،5،رنگانا ہیراتھ صفر اور شمندا ایرانگا 14 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔

کپتان اینجیلو میتھیوز نے مشکل وقت میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے اسے مکمل تباہی سے بچایا،وہ91 رنز بنا کر سعید اجمل کا شکار ہوئے۔ اس اننگز کے دوران عدنان اکمل کی وکٹ کیپنگ شاندار رہی انہوں نے وکٹ کے پیچھے پانچ شکار کیے۔ عدنان اکمل نے کیریئر میں پہلی بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے،ان کے شکاروں میں چار کیچز اور اسٹمپنگ شامل تھی۔جواب میں پاکستانی ٹیم جب پہلی اننگز کیلئے میدان میں اتری تو خرم منظور اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 46رنز کا آغاز فراہم کیا،46 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب خرم منظور غلط رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، خرم نے 21 رنز بنائے۔

متعلقہ عنوان :