رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف احتساب عدالت میں پیش ، فردجرم عائد نہ ہوسکی ، عدالتوں کا احترام کرتاہوں، میں نے اپنا کیس عدلیہ اور اللہ پر چھوڑ دیا ہے ،ہر کیس کو سیاست بنا دینا درست اقدام نہیں ،میرے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ، میڈیا سارے معاملے کی جانچ پڑتال کے بعد عوام کے سامنے چیزلایا کرے ، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 14 دسمبر 2013 13:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14دسمبر 2013ء) رینٹل پاور کیس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف احتساب عدالت میں پیش ہوگئے تاہم ان پر فردجرم عائد نہ ہوسکی جبکہ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ عدالتوں کا احترام کرتاہوں، میں نے اپنا کیس عدلیہ اور اللہ پر چھوڑ دیا ہے ،ہر کیس کو سیاست بنا دینا درست اقدام نہیں ،میرے خلاف پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے ، میڈیا سارے معاملے کی جانچ پڑتال کے بعد عوام کے سامنے چیزلایا کرے ۔

ہفتہ کو سابق وزیراعظم راجہ پرویزاشرف اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشر کے سامنے پیش ہوئے، لاہورہائیکورٹ میں بھی کیس کی ایک درخواست زیرسماعت ہونے کی وجہ سے سابق وزیراعظم پر فردجرم عائد نہ کی گئی، سماعت کے دوران راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ مقدمے کے 2 ملزمان کا کیس لاہورہائی کورٹ میں چل رہا ہے، اس درخواست کا فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔

(جاری ہے)

معاون وکیل امجد ایڈووکیٹ نے استدعا کی کہ عدالتی چھٹیوں کے بعد کی تاریخ مقرر کی جائے احتساب عدالت نے سماعت 3 جنوری تک ملتوی کردی۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتاہوں، میں نے اپنا کیس عدلیہ اور اللہ پر چھوڑ دیا ہے۔ ہر کیس کوسیاسی بنانا وطیرہ بن چکا ہے۔ میری خواہش تھی کہ تمام حقائق سامنے آجائیں، اسی لیے خاموشی اختیار کیے رکھی۔

راجہ پرویز اشرف نے کہاکہ رینٹل پاور کیس میں میرا نام نہیں تھا اس کے باوجود 22 ارب روپے کرپشن کا الزام لگایاگیا۔ تحقیق کے بغیر میرے کے خلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا سارے معاملے کی جانچ پڑتال کے بعد عوام کے سامنے چیزلایا کرے۔اس موقع پر راجہ پرویز اشرف کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے نے کہاکہ ان کے موکل پرالزام ہے کہ انہوں نے مشینری ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کروائی، ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ ان کے موکل پرالزام ہے کہ انہوں نے مشینری ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کروائی، ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔