پاکستانی کے حکومت کیساتھ مذاکرات میں ملا فضل اللہ بھی وہی کریں گے جو حکیم اللہ نے کیا ،مولانا فضل الرحمن خلیل ، ملک میں امن کے قیام کے بارے میں تحریک طالبان اور حکومت کی خواہش ایک ہی ہے ،ملا فضل اللہ کے بارے میں پاکستان مخالف ہونے کا تاثر بالکل غلط ہے ، انٹرویو

جمعرات 5 دسمبر 2013 17:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 دسمبر 2013ء) ڈفاع پاکستان کونسل کے رہنما مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہے کہ ملا فضل اللہ بھی وہی کریں گے جو حکیم اللہ نے کیا۔برطانوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ پاکستانی حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے ملا فضل اللہ بھی وہی کچھ کریں گے جو حکیم اللہ محسود نے کیا اور مذاکرات کا سلسلہ وہیں سے جوڑیں گے جہاں حکیم اللہ محسود کے مارے جانے سے پہلے تھا۔

انہوں نے کہاکہ مذاکرات اوراس جیسے سارے فیصلے طالبان کی شوریٰ کرتی ہے جس میں موجود لوگ اس بات کو سمجھ چکے ہیں کہ ان کا پاکستان کے ساتھ لڑنے کا فائدہ امریکہ کو ہوگا اور ملک میں امن کے قیام کے بارے میں تحریک طالبان اور حکومت کی خواہش ایک ہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملا فضل اللہ کے بارے میں پاکستان مخالف ہونے کا تاثر بالکل غلط ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے پاکستان آمد کے بارے میں اس تاثرمیں بھی کوئی جان نہیں کہ اب پھرتشدد بڑھے گا۔

پاکستان حکومت کی جانب سے طالبان کے بارے میں نرم رویے کے بارے میں انہوں نے کہاکہ نہ صرف حکومت بلکہ طالبان بھی امن اور مذاکرات کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں اوراس حوالے سے ان کی سنجیدگی نظر آ رہی ہے۔ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے نئے سرے سے کوئی رابطے تو نہیں ہوئے البتہ ان کے لیے ماحول سازگار ضرور ہے۔