امریکی خفیہ ایجنسی 5ارب سیل فونز کے مقامات پر نظر رکھتی ہے ، امریکی اخبار کادعویٰ ،اتنے بڑے پیمانے پر ڈیٹا جمع کرنے کا کام دو کارپوریٹ کمپنیوں کی مدد سے کیا جاتا ہے ،رپورٹ ،امریکی انٹیلی جنس نے انکشافات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا

جمعرات 5 دسمبر 2013 16:39

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 5 دسمبر 2013ء) امریکی اخبار نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی نے سیل فون کو وسیع پیمانے پر نگرانی کا ایک موثر ٹول بنالیا ہے جس کے نتیجے 5ارب سیل فونز کے مقامات پر نظر رکھی جاتی ہے۔یہ بات امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سابق امریکی انٹیلی جنس اہلکار ایڈورڈ اسنوڈن کی دستاویزات کے حوالے سے بتائی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق امریکی نیشنل سیکیورٹی ایجنسی روزانہ پانچ ارب سیل فون کی لوکیشن کا ریکارڈ جمع کرتی ہے۔ مطلب یہ کہ یہ سیل فون جن لوگوں کے پاس ہیں امریکی ایجنسی ان کی تمام نقل و حرکت سے آگاہ رہتی ہے۔ دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر روزانہ ڈیٹا جمع کرنے کا کام دو کارپوریٹ کمپنیوں کی مدد سے کیا جاتا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی انٹیلی جنس نے ان انکشافات پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔