آرمی چیف جنرل ا شفاق پرویز کیانی (کل) اپنی ذمہ داروں سے سبکدوش ہو جائینگے، جنرل راحیل شریف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جگہ پاک فوج کے نئے سپہ سالار بن جائینگے

جمعرات 28 نومبر 2013 16:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28نومبر 2013ء) آرمی چیف جنرل ا شفاق پرویز کیانی (کل)جمعہ کو اپنی ذمہ داروں سے سبکدوش ہو جائینگے ، جنرل راحیل شریف 29 نومبر سے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جگہ پاک فوج کے نئے سپہ سالار بن جائینگے اسی روز جنرل راشد محمود بھی نئے چیئرمین جائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا عہدہ سنبھالیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی (کل)جمعہ کو اپنی ذمہ داروں سے سبکدوش ہو جائینگے ان کی جگہ جنرل راحیل شریف سنبھالیں گے ۔

جمعہ کو سبکدوش ہونے والے جنرل اشفاق پرویز کیانی کا فوجی تربیت کا آغاز پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے ہوا۔ جہاں کیڈیٹ کے طور پر انہوں نے مادر وطن کی حفاظت کاحلف اٹھایا۔اگست 1971ء میں وہ سیکنڈ لیفٹیننٹ کے طور پر پاک فوج کی بلوچ رجمنٹ میں بھرتی ہوئے اور اپنے پیشہ وارانہ کیرئر کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی سلسلے کو بھی جاری رکھا۔

فوج میں بھرتی کے کچھ عرصے بعد ہی 1971ء کی پاک بھارت جنگ میں حصہ لیا۔جنرل کیانی 2000ء میں ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز تعینات ہوئے۔ ان کی انتھک محنت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں ترقی ملی اور وہ کامیابی کی سیڑھی پر ایک قدم اور آگے بڑھ گئے۔3 ستارے اپنے کاندھے پر سجائے اور ساتھ ساتھ کور کمانڈر راولپنڈی کی ذمہ داری بھی سنبھالی۔2004ء میں پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی قیادت سنبھالی۔

2007ء میں پاکستان کے آرمی چیف بنے۔سابق صدر اور آرمی چیف جنرل پرویز مشرف نے پاک فوج کی کمان ان کے حوالے کی۔عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے پاک فوج کو سیاست سے دور رکھنے کے لئے کئی اقدامات کئے اور جمہوریت کو مستحکم کرنے کے لئے سیاسی حکومتوں کی حوصلہ افزائی کی۔اس کے ساتھ ساتھ دہشتگردی کیخلاف ایک موقف بھی اختیار کیا۔ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کی جگہ لینے والے جنرل راحیل شریف پاک فوج کے پندرہویں سپہ سالار ہونگے-