پاک بحریہ کی دو روزہ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی ،کانفرنس میں پاکستان نیوی کے سیٹ اپ پر بالعموم اور جناح نیول بیس کو آپریشنل بنانے کے منصوبوں پر بالخصوص غور کیا

جمعرات 21 نومبر 2013 21:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21نومبر۔2013ء) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس 20اور 21نومبر 2013کو جناح نیول بیس اورماڑہ میں منعقد ہوئی۔ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد آصف سندیلہ کی زیر صدارت منعقد ہونے والی اس کانفرنس کا مقصد پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاری، ترقیاتی منصوبوں اور انفرااسٹرکچر میں لائی جانے والی بہتری کا جائزہ لینا تھا۔

کانفرنس کے شرکاء نے ساحلی علاقوں میں قائم پاکستان نیوی کے سیٹ اپ پر بالعموم اور جناح نیول بیس کو آپریشنل بنانے کے منصوبوں پر بالخصوص غور کیا۔ چیف آف نیول اسٹاف کو بیس کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جو وہاں باقاعدہ فلیٹ آپریشنز کے جلد آغاز میں مدد گار ثابت ہونگے۔ علاوہ ازیں ، ساحل مکران پر بسنے والے بلوچ عوام کی معاشی و سماجی بہبود کے لئے پاک بحریہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء نے اورماڑہ میں کیڈٹ کالج کے قیام پر کام کی رفتار کا جائزہ لیااور انہیں اس کالج کو ساحل مکران پر قائم ایک اعلی تربیتی ادارہ بنانے کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے جناح نیول بیس کو آپریشنل بنانے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان نیو ی فلیٹ کے لئے مستقبل کی ایک اہم بند رگاہ ہونے کے حوالے سے اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آواران اور دشت کے زلزلہ متاثرین کو امداد کی بھرپور فراہمی پر تمام نیول کمانڈز کی تعریف کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ساحل پر بسنے والے بلوچ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن کوشش کریں۔