امریکہ نے یقین دہانی کرادی ،طالبان سے اب مذاکرات شروع ہوئے تو ڈرون حملہ نہیں کیا جائیگا ،سرتاج عزیز ، مذاکرات کیلئے حکیم اللہ محسود رابطے میں تھا ، حکومتی وفد ملاقات کر نے والا تھا ، ڈرون حملہ ہوگیا ،حکیم اللہ محسود پہلے سے امریکہ کی ہٹ لسٹ پر موجود تھا ، اللہ نہ کرے 2014 میں افغانستان سے فوجوں کے انخلا کے بعد لڑائی ہو ورنہ مہاجرین کا ریلا پاکستان آئیگا ،وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور کی سینٹ کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ

بدھ 20 نومبر 2013 17:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20نومبر 2013ء) وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ امریکا نے یقین دلایا ہے کہ طالبان سے اب مذاکرات شروع ہوئے تو ڈرون حملہ نہیں کیا جائیگا ، مذاکرات کیلئے حکیم اللہ محسود رابطے میں تھا ، حکومتی وفد ملاقات کر نے والا تھا ، ڈرون حملہ ہوگیا ،حکیم اللہ محسود پہلے سے امریکا کی ہٹ لسٹ پر موجود تھا۔

بدھ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات کے لئے حکیم اللہ محسود رابطے میں تھا اور اس سلسلے میں اسے تین نام بھجوائے گئے جبکہ حکومتی وفد بھی ملاقات کرنے والا تھا تاہم اس دوران ڈرون حملہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ صدر اوباما کے سامنے ڈرون حملوں کا معاملہ اٹھایا جس پر ان کا کہنا تھا کہ حکیم اللہ محسود پہلے سے امریکا کہ ہٹ لسٹ پر تھا ایسا کرنے کیلئے مجبور تھے۔

(جاری ہے)

سرتاج عزیز نے بتایا کہ امریکا کو کہا تھا کہ مذاکراتی عمل میں کالعدم طالبان کو نقصان نہ پہنچائیں امریکا کا کہنا ہے کہ انہوں نے ریڈار پر موجود ٹارگٹ کو نشانہ بنایا، حکیم اللہ محسود پر ڈرون حملے کی ٹائمنگ بد قسمت رہی،سرتاج عزیز نے کہا کہ اللہ نہ کرے کہ 2014 میں افغانستان سے فوجوں کے انخلا کے بعد لڑائی ہو ورنہ مہاجرین کا ریلا پاکستان آئے گا اور وہاں معاشی بحران بھی ہو سکتا ہے،سرتاج عزیز نے کہاکہ پاکستان امریکا کے درمیان وزراء کی سطح پر اسٹریٹجک مذاکرات کا دور مارچ میں ہو گا،وزیر اعظم کے دورہ امریکا میں معیشت کے موضوع پر بات ہوئی، اب غور کیا جائے گا کہ آئندہ 5 سالوں میں پاک امریکا تجارتی حجم کو دگنا کیسے کیا جائے،امریکی کمپنی نے کہا ہے کہ پاکستان میں گیس کے ایسے بہت زیادہ ذخائر ہیں جو دریافت نہیں کئے گئے، امریکی کمپنی نے پاکستان کا سروے کیا، وہ اپنی رپورٹ ہم سے شیئر کرے گی اور اس کی ٹیم پاکستان کا دورہ بھی کریگی۔