واقعہ امن تباہ کر نے کی کوشش ہے ، راولپنڈی واقعہ پر مذہبی اور سیاسی رہنماؤں کا افسوس کا اظہار ،حکومت واقعہ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے ،مولانا احمد لدھیانوی ، مولانا سمیع الحق ،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی راولپنڈی واقعے کی شدید مذمت ، عدالتی تحقیقات کا مطالبہ

ہفتہ 16 نومبر 2013 19:51

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16نومبر۔2013ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی واقعہ پر مذہبی اور سیاسی رہنماؤں نے افسوس اور مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ امن تباہ کر نے کی کوشش ہے ،حکومت واقعہ کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ایک انٹرویو میں مولانا محمد احمد لدھیانوی اور مولانا سمیع الحق نے راول پنڈی واقعے کو انتظامی نااہلی قرار دیتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

ایک بیان میں چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ راولپنڈی واقعہ انتہائی افسوس ناک ہے ، وزیراعلیٰ خود صورتحال کو معمول پر لانے کیلئے اقدامات کریں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے راول پنڈی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔

(جاری ہے)

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے راولپنڈی واقعہ پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے وفاقی اورپنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

الطاف حسین نے تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہرگزمشتعل نہ ہوں بلکہ پرامن اور متحد رہیں۔دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین نے راولپنڈی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ پنجاب انتظامیہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔