عدالتی ہفتہ ، جعلی ڈگری کیسز ، لوڈشیڈنگ پر از خود نوٹس ، رینٹل پاور ، سی این جی لائسنسز کے اجراء اور سکندر فائرنگ کیس کی سماعت ہوگی ، مقدمات کی سماعت کیلئے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پانچ بینچز تشکیل دے دیئے ، مارگلہ ٹنل کیس کی بھی سماعت ہوگی

اتوار 20 اکتوبر 2013 20:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اکتوبر۔2013ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں (کل)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان جعلی ڈگری کیسز ، لوڈشیڈنگ پر از خود نوٹس کیس ، رینٹل پاور ، سی این جی لائسنسز کے اجراء ، سکندر فائرنگ از خود نوٹس کیس سمیت اہم مقدمات کی سماعت ہوگی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس افتخار محمدچوہدری نے اہم مقدمات کی سماعت کیلئے بینچز تشکیل دے دیئے ہیں بینچ نمبر ایک چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل ہے بینچ نمبر دو جسٹس تصدق حسین جیلانی ، جسٹس اعجاز چوہدری اور جسٹس شیخ عظمت سعید ، بینچ نمبر تین جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں جسٹس اطہر سعید اور جسٹس اقبال حمید الرحمن پر مشتمل ہے بینچ نمبر چار جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل چوہدری پر مشتمل ہے بینچ نمبر پانچ جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل ہے پانچوں بینچز (کل)پیر سے شروع ہونے والے ہفتے کے دور ان اہم مقدمات کی سماعت کرینگی جن میں ارکان پارلیمنٹ کی جعلی ڈگری کیسز ، لوڈشیڈنگ پر از خود نوٹس ، سی این جی لائسنسز کا اجراء ، منچھر جھیل ، سکندر فائرنگ از خود نوٹس ، سیکرٹری دفاع کے خلاف توہین عدالت کانوٹس کیس اور مارگلہ ٹنل کیس شامل ہیں