بھارت ، زہریلی شراب پینے سے 22 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ، 8ہسپتال منتقل ،حالت تشویشناک ، واقعہ کے بعد ضلع آبکاری افسر، آبکاری انسپکٹر اور کئی پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 14:14

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) بھارت کی ریاست اتر پردیش کے اعظم گڑھ ضلع میں زہریلی شراب پینے سے 22 افراد ہلاک ہوگئے اور کم از کم آٹھ افراد کو ہسپتال منتقل کردیا گیا اعظم گڑھ کی ضلع مجسٹریٹ نینا شرما نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ضلع آبکاری افسر، آبکاری انسپکٹر اور کئی پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ۔نینا شرما نے بتایا کہ جس شحص نے یہ ملاوٹی شراب فروخت کی تھی وہ اس سے پہلے بھی نقلی شراب فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور دو مہینے پہلے ہی جیل سے رہا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اعظم گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ اروند سین نے بتایا کہ نقلی شراب کی فروخت جمعرات ہی سے شروع ہو گئی تھی کئی لوگ اسی روز بیمارہو گئے تھے تاہم وہ گاوٴں سے باہر نہیں گئے اور ان کی وہیں موت ہو گئی۔ جب مبارک پور قصبے کے ہسپتال میں بیمار لوگوں کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوا تو اس واقعے کی خبر ضلع حکام تک پہنچی۔اروند سین نے بتایا کہ علاقے میں شراب بنانے کا کام گھریلو کاروبار کی طرح پھیل گیا ہے۔ ایک لیٹر اصل شراب میں ملاوٹ کے ذریعے اسے دس لیٹر بنا لیا جاتا ہے اور پھر اسے سستے داموں پر گاوٴں والوں کو فروخت کیا جاتا ہے۔ ملاوٹ کے اس عمل میں اکثر یہ شراب زہریلی ہو جاتی ہے۔

متعلقہ عنوان :