ڈی آئی خان: اسرار اللہ گنڈاپور پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 11:59

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) ڈیرہ اسماعیل خان میں صوبائی وزیرقانون اسراراللہ خان گنڈا پور پر خودکش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی، حملہ آور مقامی اور بیس سے بائیس سال کا تھا۔ صوبائی سیکرٹری داخلہ کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار کر لی گئی ہے۔ حملہ آور مقامی تھا اور کی عمر بیس سے بائیس سال کے لگ بھگ تھی۔

وہ وزیر قانون اسرار اللہ گنڈا پور سے پشتومیں گفتگو کرتے ہوئے گلے ملا اور دھماکے سے خود کو اڑا لیا۔

(جاری ہے)

سردار اسراراللہ خان گنڈا پور پرحملے کا مقدمہ ان خودکش حملہ آور اور اس کی مدد کرنے والے نامعلوم ملزموں کے خلاف درج کیا گیا۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں جاری سوگ کے دوران تمام سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ سرکاری مصروفیات اور تقریبات بھی معطل ہیں۔ مساجد میں شہید کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام گیا۔ ادھر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہدایت کی ہے کہ کسی بھی تقریب میں جانے سے پہلے تمام وزیر اور مشیر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو پیشگی اطلاع دیں اور وہ دو سے چار سیکورٹی گارڈز بھی اپنے ہمراہ رکھیں۔