وزیراعظم سرکاری دورے پر امریکا روانہ، پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، نواز شریف

ہفتہ 19 اکتوبر 2013 11:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19اکتوبر 2013ء) وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ امریکا کے 4 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ان کے دورے کے دوران امریکی حکام سے افغانستان سمیت خطے کی صورتحال، باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے جسے پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ جمہوریت پاکستان کی قوت ہے، تمام ادارے ملکی وقار کے تحفظ اور ریاستی مفاد میں میرے ساتھ ہیں اور ملک میں سیاسی خود مختاری کے لیے معاشی استحکام حکومت کا پہلا قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا حکومت کی اولین ترجیح عوام کے جان ومال کا تحفظ کے لئے جس کے لئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ تیسری بار ملک کا وزیر اعظم بننے کے بعد امریکا کا پہلا دورہ کرنے والے نواز شریف اپنے دورے کے دوران امریکی صدر باراک اوباما اور وزیر خارجہ جان کیری سے اہم ملاقات کریں گے جس میں 2014 میں افغانستان سے امریکی اور اتحادی فوجوں کے انخلا سمیت مختلف امور زیر غور آئیں گے، نواز شریف واشنگٹن میں مقیم پاکستانیوں اور واشنگٹن چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے علاوہ سینیٹ کی خارجہ امور کی کمیٹی کے وفد اور امریکی نائب صدر جو بائیڈن سے بھی ملیں گے۔