بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ،پاک فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں ، علاقے میں خو ف و ہراس پھیل گیا، دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے میں سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر اتفاقپاکستان کے ڈی جی ایم او نے پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ پر بھارت کے ڈی جی ایم او کو تشویش سے آگاہ کیا

منگل 15 اکتوبر 2013 17:59

کوٹلی/لاہور (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر۔2013ء) بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، پاک فوج کی جوابی کارروائی پر بھارتی توپیں خاموش ہوگئیں ، علاقے میں خو ف و ہراس پھیل گیا جبکہ دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے میں سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیاہے ۔

(جاری ہے)

منگل کو ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ اور گولا باری کی تاہم پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کی بندوقوں کو خاموش کرادیا فائرنگ کے تبادلہ میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا ادھر لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے سلسلے میں پاک بھارت ڈی جی ملٹری آپریشنز کا ہاٹ لائن پر رابطہ ہوا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دونوں ممالک کے ڈی جی ایم اوز کے درمیان رابطے میں سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ پاکستان کے ڈی جی ایم او نے بھارت کی جانب سے پاکستانی علاقوں میں بلااشتعال فائرنگ پر بھارت کے ڈی جی ایم او کو تشویش سے آگاہ کیا۔