آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں (کل)عید الاضحی جوش و خروش سے منائی جائیگی،کروڑوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ادا کرینگے ،عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ ، ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے ،تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف معمول کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیگا

منگل 15 اکتوبر 2013 17:59

اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15اکتوبر۔2013ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں (کل) بدھ کو عید الاضحی جوش و خروش سے منائی جائیگی ،کروڑوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ادا کریں گے ،عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ، ریسکیو 1122 و عملہ صفائی کے اہلکار ڈیوٹیوں پر حاضر رہیں گے ،تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف معمول کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دیگا ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں (کل)عید الاضحی جوش و خروش سے منائی جائیگی ،کروڑوں فرزندان اسلام سنت ابراہیمی ادا کریں گے وفاقی و صوبائی حکومتوں نے (کل ) منگل سے لے کر 17 اکتوبر بروز جمعرات تک 3 عام تعطیلات کا اعلان کیاجس کے باعث تمام سرکاری ، نیم سرکاری ، نجی ادارے ، سکولز ، کالجز ، یونیورسٹیز ، سٹاک ایکسچینجز ، بینک ، عدالتیں ، چیمبر ز آ ف کامرس بند رہیں گے ۔

(جاری ہے)

محکمہ داخلہ کی ہدایت پر نما ز عید کی ادائیگی کے موقع پر جامع مساجد ، پارکس ، کھلے مقامات پر قائم عید گاہوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایاگیاہے جہاں بڑی تعداد میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے باوردی اور سادہ پوش اہلکار تعینات کئے گئے ہیں تاکہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ اسی طرح حکومتی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ، ضلعی حکومتوں ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ٹی ایم ایز و ٹاؤنز کے عملہ صفائی کی چھٹیاں بھی منسوخ کر کے انہیں ڈیوٹی پر حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کر دی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جا سکیں۔

عید الاضحی کے ایام میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تمام ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹر زہسپتالوں میں ایمرجنسی یونٹس کھلے رہیں گے جہاں ایمرجنسی سٹاف تعینات رہے گا۔