مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلا جائیگا ٗ 16ٹیمیں حصہ لیں گی

پاکستانی ٹیم 6 دسمبر کو مصر کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کریگی ٗ دوسرا میچ آٹھ دسمبر کو جرمنی کے خلاف کھیلا جائیگا

منگل 15 اکتوبر 2013 14:26

ایمسٹر ڈیم ((اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 15 اکتوبر 2013) )مینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم 6 دسمبر کو مصر کے خلاف میچ سے مہم کا آغاز کریگی۔ ایف آئی ایچ ذرائع کے مطابقمینز جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 6 سے 15 دسمبر تک بھارت میں کھیلے جانے والے میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی اور شریک ٹیموں کو چار مختلف گروپس اے، بی، سی اور ڈی میں تقسیم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گروپ اے میں پاکستان، جرمنی، بلجیم اور مصر، گروپ بی میں آسٹریلیا، سپین، ارجنٹائن اور فرانس، گروپ سی میں ہالینڈ، جنوبی کوریا، بھارت اور کینیڈا جبکہ گروپ ڈی میں انگلینڈ، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ اور ملائیشیا شامل ہیں۔ پاکستانی ٹیم 6 دسمبر کو ابتدائی میچ مصر کے خلاف کھیلے گی، گرین شرٹس 8 دسمبر کو جرمنی جبکہ تیسرا اور آخری میچ 10 دسمبر کو بلجیم کے خلاف کھیلے گی۔ میگا ایونٹ کے ابتدائی روز تمام سولہ ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ چاروں گروپس سے دو، دو ٹیمیں کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کریں گی جس کے بعد چار بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز اور اس کے بعد میڈلز میچز کھیلے جائینگے۔