اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 70 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت عید کے بعد معطل کردی جائیگی،الیکشن کمیشن ،اب تک 1099 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں ، حکام الیکشن کمیشن

پیر 14 اکتوبر 2013 23:09

اسلام آ باد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر۔2013ء) الیکشن کمیشن حکام نے کہا ہے کہ مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے 70 ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت عید کے بعد معطل کردی جائیگی۔

(جاری ہے)

پیر کو الیکشن کمیشن کے مطابق اب تک 1099 ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں جبکہ سینٹ کے 4 ارکان، قومی اسمبلی کے 18، پنجاب کے 9، سندھ کے 11 ارکان نے مالی گوشوارے جمع نہیں کرائے، خیبرپختونخوا کے 22 اور بلوچستان اسمبلی کے 6 ارکان نے بھی تاحال اثاثوں کی تفصیلات سے الیکشن کمیشن کو آگاہ نہیں کیا، قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کرنے تھی تاہم عید کے باعث ارکان کو عید کی چھٹیوں تک مہلت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ قانون کے مطابق ارکان پارلیمنٹ سالانہ بنیادوں پر اپنے اور اہل خانہ کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد اور اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو پیش کرنے کے پابند ہیں۔