کراچی ، مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2افراد جاں بحق، رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلرز سمیت 46ملزمان کو گرفتار کرلیا،اسلحہ برآمد

پیر 14 اکتوبر 2013 23:08

کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر۔2013ء) شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 2افراد جاں بحق ہوگئے،جبکہ رینجرز اور پولیس نے ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلرز سمیت 46ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق لیاری دھوبی گھاٹ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا، اس سے قبل سکھن کے علاقے خاصخیلی گوٹھ میں دشمنی کی بنیاد پر تشدد کرکے ایک شخص کو قتل کردیا گیا،مقتول کی شناخت 52سالہ محمد موسی کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول گورنمنٹ ہائی اسکول ابراھیم حیدری میں درس وتدریس کے شعبے سے وابستہ تھا۔دوسری جانب رینجرز اور پولیس نے شہر کے 18مقامات پر ٹارگٹڈ کاروائیا ں کرکے 46ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایس ایم جی رائفل سمیت مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، رضویہ سوسائٹی ، جہانگیرآباد، ناظم آباد، وحیدآباد، نصرت بھٹو کالونی، برنس روڈ ، کھڈا مارکیٹ، سرجانی ٹاون سیکٹر فائیو بی، گلشن غازی، کلاسک اپارٹمنٹ ،لاسی گوٹھ ، لیاقت مارکیٹ، گلشن حدید، نارتھ کراچی،گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی، اور کورنگی سیکٹر 33سی میں کی گئیں۔

گرفتار شدگان میں لیاری گینگ وار اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے جرائم پیشہ عناصر سمیت دیگر ملزمان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شاہ لطیف ٹاون میں پولیس نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ کے مطابق گرفتار ٹارگٹ کلر اخترعلی پولیس اہلکار سمیت قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔