توہین عدالت کی درخواست، آئین کے تحت وزیر اعظم نواز شریف کو استثنیٰ حاصل ہے،سندھ ہائی کورٹ ،عدالت نے درخواست گزار کو تفصیلی اعتراضات داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی

پیر 14 اکتوبر 2013 23:08

کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14اکتوبر۔2013ء) سندھ ہائیکورٹ میں وزیراعظم نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے موقع پر عدالت کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت وزیر اعظم نواز شریف کو استثنی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس حسن فیروز نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کی، دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ نواز شریف نے پشاور میں اپنی ایک پریس کانفرنس کے دوران کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ججز بھی کراچی میں ملزمان کے خلاف فیصلہ دیتے ہوئے ڈرتے ہیں، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا یہ بیان توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا جائے۔

اس موقع پر عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ آئین کے تحت وزیر اعظم کو استثنی حاصل ہے، عدالت نے درخواست گزار کو تفصیلی اعتراضات داخل کرانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔