چیف الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم نےعہدے سے استعفٰی دے دیا

بدھ 31 جولائی 2013 16:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جولائی 2013ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ فخر الدین جی ابراہیم گزشتہ کئی روز سے مستعفی ہونے کے لئے اپنے احباب اور الیکشن کمیشن کے حکام سے مشاورت کررہے تھے جس کے بعد اب انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، الیکشن کمیشن نے فخر الدین جی ابراہیم کے استعفے کی تصدیق کردی ہے جبکہ ان کا استعفیٰ باضابطہ طور پر ایوان صدر کو بھی موصول ہوگیاہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے فخرالدین جی ابراہیم کی جانب سے دیئے جانے والے استعفیٰ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے دیگرارکان کو بھی اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوجانا چاہئے۔ واضح رہے کہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم صدارتی انتخاب کی تاریخ میں تبدیلی پر پیدا ہونے والے تنازع کے باعث ان پر تنقید میں شدت آگئی تھی۔