ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کی آڑ میں فوج کو بدنام کرنے کی کوششیں کرنیوالے ملک اور قوم کے دشمن ہیں‘ فوج کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی بھی کی جانی چاہیے‘ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں کیونکہ موجودہ حکمرانوں سے شفاف انتخابات کی توقع نہیں کی جا سکتی، موو آن پاکستان تحریک کے چیئرمین میاں محمد کامران کی وفود سے گفتگو

بدھ 17 جولائی 2013 16:56

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔آئی این پی۔ 17جولائی 2013ء) موو آن پاکستان تحریک کے چیئرمین میاں محمد کامران نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ کی آڑ میں فوج کو بدنام کرنے کی کوششیں کرنیوالے ملک اور قوم کے دشمن ہیں‘ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج جانوں کی قربانیاں دے کر ملک اور عوام کو محفوظ بنا رہی ہے‘ فوج کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے پارلیمنٹ میں قانون سازی بھی کی جانی چاہیے‘ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں ہونے چاہئیں کیونکہ موجودہ حکمرانوں سے شفاف انتخابات کی توقع نہیں کی جا سکتی۔

اپنے دفتر میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد کامران نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں بہت سی ایسی قوتیں موجود ہیں جو غیروں کو خوش کرنے کیلئے پاک افواج کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتیں‘ میں سمجھتا ہوں کہ آج بھی کچھ لوگ ایبٹ آباد کمیشن کی آڑ میں پاک افواج کو بدنام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور ایسا کرنے والے ملک وقوم کے دشمن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ پاکستانی افواج نے ہمیشہ دشمنوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی ہے اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھی پاک افواج کی قربانیاں الفاظ میں نہیں بیان کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایسی قانون سازی کرے جب بھی کوئی پاک افواج کو بدنام کرے اُس کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جا سکے۔