Live Updates

عمران خان جلدوطن واپس آئیں، حکومت نے تحریک انصاف کے سربراہ کے نہ ہونے کی وجہ سے اے پی سی ملتوی نہیں کی ، ڈرون حملوں کی روک تھام کیلئے تمام جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا ، قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے امریکہ پر پریشر ڈالنا ہوگا، تحریک انصاف کے چیئرمین کی مشیر برائے اوورسیز پاکستانی فوزیہ قصوری کی میڈیا سے گفتگو

منگل 16 جولائی 2013 21:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16جولائی۔ 2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی مشیر برائے اوورسیز پاکستانی فوزیہ قصوری نے کہا ہے کہ عمران خان کی وطن واپسی جلد ہوگی، حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے نہ ہونے کی وجہ سے اے پی سی ملتوی نہیں کی بلکہ خود اے پی سی کے انعقاد کیلئے تیار نہ تھی، ڈرون حملوں کی روک تھام کیلئے تمام جماعتوں کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا جبکہ قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے امریکہ پر پریشر ڈالنا ہوگا۔

وہ منگل کونیشنل پریس کلب کے زیراہتمام رمضان گالا کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں ۔ فوزیہ قصوری نے کہا کہ ڈرون حملوں کا معاملہ وفاقی حکومت کا معاملہ ہے اور وفاق کو اس حوالے سے واضح پالیسی اپنانا ہوگی۔

(جاری ہے)

جبکہ خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ہے جو سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے احتیاط کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں پولیٹیکل سکورنگ کی جگہ مل کر ملکی مفاد میں فیصلہ کرنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ صرف پارلیمنٹ سے قرارداد کی منظوری سے قومی سلامتی کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا بلکہ اس کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے انہوں نے کہا کہ عمران خان کا برطانوی شہزادہ پرنس چارلس کی جانب سے منعقد کی جانے والی چیرٹی تقریب میں شرکت کرنا کوئی بری بات نہیں وہ ملک کے ایک بڑے لیڈر ہیں اور پوری دنیا میں انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ عمران خان اپنے ٹیسٹ مکمل کرانے کے بعد جلد وطن واپس آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے نہ ہونے کی وجہ سے حکومت نے قومی سلامتی کے حوالے سے طلب کی جانے والی اے پی سی ملتوی نہیں بلکہ خود حکومت اس کے انعقاد کیلئے تیار نہ تھی۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی اس کی تیاریوں میں مصروف تھے۔ جبکہ عمران خان نے اے پی سی کے لئے شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کو اپنا نمائندہ مقرر کر دیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات