سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ افشا ہونے سے پیدا صورتحال پر خصوصی ”ان کیمرہ“ اجلاس17 جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب

اتوار 14 جولائی 2013 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔14جولائی۔ 2013ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ افشا ہونے سے پیدا صورتحال اور کمیٹی کی آئندہ چھ ماہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے کمیٹی کا خصوصی ”ان کیمرہ “اجلاس17 جولائی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا، بند کمرے میں ہونے والے اس اجلاس میں ایبٹ آباد کمیشن کی رپورٹ افشاء ہونے کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا جبکہ حکومت سے کہا گیا ہے کہ رپورٹ کی ایک کاپی کمیٹی کو بھی دی جائے تاکہ کمیٹی اس کا جائزہ لے سکے۔

(جاری ہے)

کمیٹی اگست 2013ء سے جنوری 2014ء کیلئے اپنے ورک پلان کی منظوری دیگی جبکہ کمیٹی ستمبر میں افغانستان اور جنوری 2014ء میں جرمنی جانے کا بھی ارادہ رکھتی ہے اس معاملے پر بھی غور ہوگا۔ کمیٹی کے اجلاس میں سائبر سکیورٹی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے تاکہ پاکستان کی اہم حساس دستاویزات کو محفوظ بنایا جاسکے۔