کوئٹہ ،خود کش دھماکے میں شدید متاثر ہونے والی سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی بدھ کو کھول دی گئی،3 ہزار میں ڈھائی سو طالبات کی حاضری ، ادارے میں خوف وہراس اورسوگ کی فضاء تھی ،نئے وائس چانسلر رخسانہ جبین نے چارج سنبھال لیا

بدھ 10 جولائی 2013 21:55

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔10جولائی۔ 2013ء) کوئٹہ میں 25 روز قبل خود کش دھماکے میں شدید متاثر ہونے والی سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی بدھ کو کھول دی گئیں 3 ہزار میں سے صرف ڈھائی سو طالبات حاضر ہوئیں ادارے میں خوف وہراس اور سوگ کی فضاء تھی نئے وائس چانسلر رخسانہ جبین نے چارج سنبھال لیا ۔ تفصیلات کے مطابق 25 روز قبل کوئٹہ میں صوبے کی واحد وومن یونیورسٹی میں خاتون خود کش حملہ آور نے دھماکہ کرکے 15 سے زائد طالبات کو شہید جبکہ در جنوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت تک کے لئے بند کردیا گیا تھا تاہم 25 روز کے بعد بدھ کو سر دار بہادر خان وومن یونیورسٹی کو درس وتدریس کے لئے کھول دیا گیا اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

ادارے میں تعلیم حاصل کرنے والے 3 ہزار میں سے صرف ڈھائی سو کے قریب طالبات حاضر ہوئیں اس موقع پر یونیورسٹی میں خوف وہراس کے علاوہ سوگ کی فضاء بھی تھی تاہم بعض طالبات نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر نہ صرف احتجاج کیا بلکہ اپنی شہید ہونے والی ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اکثر بچیاں اپنے بچھڑے جانے والی ساتھیوں کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوجاتیں ۔ دوسری جانب نئی وائس چانسلر رخسانہ جبین نے بھی اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر باقاعدہ کام شروع کردیا اس موقع پر یونیورسٹی اور آس پاس ایریا میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔