Live Updates

مردان ،شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران خودکش دھما کہ، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی عمران خان مہمند سمیت 27 افراد جاں بحق،جے یو آئی (ف) کے مولانا قاسم سمیت30 زخمی ،ز خمی ہسپتال منتقل،متعددکی حالت تشویشناک ،ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ،دھماکے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا،خیبر پختونخواہ میں دو ہفتہ کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق،صدر ووزیر اعظم ، عمران خان ، سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں کی دھماکے کی مذمت

منگل 18 جون 2013 22:43

مردان/اسلام آباد/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18جون۔ 2013ء) مردان کے علاقے شیرگڑھ میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عمران مہمند سمیت 27 افراد جاں بحق جبکہ جے یو آئی (ف) کے مولانا قاسم سمیت30 زخمی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے متعددکی حالت تشویشناک ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کاخدشہ ظاہر کیا جارہاہے ،صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کیا ۔

خیبر پختونخواہ میں دو ہفتوں کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق۔

(جاری ہے)

منگل کو پولیس کے مطابق مردان کے علاقے شیرگڑھ میں دھماکا اس وقت ہوا جب مقامی پیٹرول پمپ کے مالک عبداللہ کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی۔نماز جنازہ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عمران مہمند بھی شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ عمران مہمند سمیت 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاشوں اور زخمیوں کوہسپتال منتقل کیا جہاں عمران مہمند سمیت مزید 22 افراد دم توڑ گئے۔ہسپتال انتظامیہ نے کہا ہے کہ کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے اس کے علاوہ پشاور کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ دوسری جانب واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی کے مطابق گزشتہ روز مردان میں قتل کئے جانے والے حاجی عبداللہ نامی ایک شخص کی نماز جنازہ ادا کی جارہی تھی کہ خود کش بمبار نے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا دیا، نماز جنازہ میں خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن عمران مہمند بھی شریک تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں عمران مہمند بھی شامل ہیں۔

لاشوں اور زخمیوں کو مردان میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے جبکہ پشاور کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔ایس پی انویسٹی گیشن نے کہاکہ واقعے کی تحقیقات کے شواہد اکٹھے کرلئے گئے اس کے علاوہ خودکش حملہ آور کے اعضا بھی مل گئے ہیں جنہیں دیکھ معلوم ہوتا ہے کہ خودکش بمبار مقامی نہیں بلکہ ازبک تھا۔واضح رہے کہ عمران مہمند کو شدت پسندوں کی جانب سے شدید خطرات لاحق تھے، انتخابات کے موقع پر ان کے الیکشن آفس پر بھی دہشتگردی ہوئی تھی ، رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد ان کی سیکیورٹی کے لئے سرکاری طور پر دو پولیس اہلکار فراہم کئے تھے اس کے علاوہ انہوں نے نجی گارڈز کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔

صدرمملکت آصف علی زرداری ،وزیر اعظم میاں نوازشریف ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سمیت دیگر سیاسی وسماجی رہنماوٴں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کااظہار کیا ۔خیبر پختونخواہ میں دو ہفتہ کے اندر دہشتگردی کے واقعہ میں تحریک انصاف کے دوسرے رکن اسمبلی جاں بحق ہوئے ۔ اس سے قبل 4 جون کو ہنگو میں تحریک انصاف میں آزاد حیثیت سے جیت کر شامل ہونے والے فرید خان کو بھی دہشتگردوں نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا ۔ عمران خان مہمند بھی مردان سے آزاد حیثیت سے جیت کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات