ملک بھر میں انتخابی دفتر، امیدواروں‌پر حملے جاری، کراچی میں‌ ایم کیو ایم کے امیدوار ، 2 سیکورٹی اہلکاروں‌، اے این پی عہدیداروں سمیت 9 افراد جاں بحق، میانوالی میں‌ عائلہ ملک کے قافلے پر فائرنگ، کراچی میں حلقہ پی ایس95، این اے141 میں‌ انتخابات ملتوی

جمعہ 10 مئی 2013 22:43

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10مئی۔2013ء) ملک بھر میں انتخابی دفتر، امیدواروں‌پر حملے جاری ہیں، کراچی میں‌ ایم کیو ایم کے امیدوار ، 2 سیکورٹی اہلکاروں‌، اے این پی عہدیداروں سمیت 9 افراد جاں بحق، میانوالی میں‌ عائلہ ملک کے قافلے پر فائرنگ، کراچی میں حلقہ پی ایس95، این اے141 میں‌ انتخابات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔کراچی کے علاقے لانڈھی میں دو گروپوں کے تصادم میں حلقہ این اے ایک سو اکتالیس اور پی ایس پچانوے سے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار شکیل احمد سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ حلقہ پی ایس ایک سو پچیس سے پیپلز پارٹی کے امیدوار نصراللہ مدنی پر اسرار طور پر لاپتہ ہیں۔

لانڈھی میں فائرنگ کے باعث پورا علاقہ میدان جنگ بن گیا اور کاروبار زندگی بھی معطل ہو گیا۔

(جاری ہے)

مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار شکیل احمد کے قتل کے بعد پی ایس پچانوے اور این اے ایک سو اکتالیس میں الیکشن ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق لانڈھی میں ایک گروہ کی جانب سے تین پولنگ اسٹیشنز پر قبضے کی کوشش بھی کی گئی جسے ناکام بنا دیا گیا۔

دوسری جانب حلقہ پی ایس ایک سو پچیس سے پیپلز پارٹی کے امیدوار علامہ نصراللہ مدنی سہہ پہر سے لاپتہ ہیں جبکہ ان کا موبائل فون بھی بند ہے۔ ادھرصوابی کے علاقے یار حسین میں دستی بم حملے میں اے این پی کے دو رہنما جاں بحق ہو گئے ہیں۔ صوابی کے علاقے یار حسین میں اے این پی کے دو رہنماؤں پر دستی بم سے حملہ کیا گیا جس سے اے این پی کے رہنما عرب علی اور فرمان علی جاں بحق ہو گئے۔

تاہم حملے کے حوالے سے مزید کوئی اطلاعات تاحال موصول نہیں ہوئیں۔ جبکہ گوجرانوالہ میں ووٹ دینے سے انکار پر مسلم لیگ نون کے حامیوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو سگے بھائی جاں بحق اور دس افراد زخمی ہو گئے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ ننانوے میں نون لیگ کے حامی موضع اکبر گھنوکی کے قربان اور اس کے اہلخانہ سے الیکشن مہم کے دوران ووٹ مانگتے رہے۔

قربان کے مسلسل انکار پر وہ طیش میں آ گئے اور بیس سے زائد مسلح افراد نے قربان کے ڈیرے پر پہنچ کر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ سے قربان کے دو بیٹے ارشاد اور عارف موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ حملہ آور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ادھر مستونگ میں انتخابی عملے پر راکٹ حملے میں دوسیکیورٹی اہلکار جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے۔

سیکیورٹی اہلکار پولنگ عملے کے ہمراہ استلنجی جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے راکٹوں سے حملہ کر دیا۔ حملے کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ جاں بحق ہونے والے اہلکاروں میں لانس نائیک وارث اور سپاہی محمد سرور شامل ہیں جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مزید نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

میانوالی میں تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک کے قافلے پر فائرنگ سے چار محافظ زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق میانوالی میں تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک کے قافلے پر نامعلوم افراد کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس سے ان کے چار محافظ زخمی ہو گئے ہیں ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عائلہ ملک نے کہا میں خیریت سے ہوں لیکن انتظامیہ سے اپیل کرتی ہوں کہ وہ مجھے سیکورٹی دیں۔

انہوں نے کہا مجھے اور میرے محافظوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ عائلہ ملک نے کہ زخمیوں کو خود اہسپتال لے کر جا رہی ہوں جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔ پشاور میں اے این پی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ فقیر کلے چوک میں اے این پی کے انتخابی دفتر کے قریب بم دھماکا ہوا، دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا، پولیس کے مطابق بم ڈھائی کلو وزنی اور گھی کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔دریں اثناء کوئٹہ میں پیپلزپارٹی کے انتخابی دفتر میں دھماکے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔