پیپلز پارٹی کے وفد کی نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے ملاقات،سیکورٹی سے متعلق خدشات سمیت مختلف درپیش مسائل سے آگاہ کیا

جمعرات 25 اپریل 2013 21:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25اپریل۔ 2013ء) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے اور امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیر اعلیٰ ہاؤس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے پی پی کے سینئر رہنما پروفیسر این ڈی خان کی سربراہی میں ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وفد میں وقار مہدی، سینیٹر رخسانہ زبیری، حبیب الدین جنیدی، راشد حسین ربانی، لطیف مغل، شمع عارف مٹھانی شامل تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر خالد لطیف بھی موجود تھے۔ پی پی کے وفد نے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کو سیکورٹی سے متعلق خدشات سمیت مختلف درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ نگراں وزیر اعلیٰ سندھ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو حل کیا جائے گا اور نگراں حکومت صوبہ میں صاف و شفاف انتخابات کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔