الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے ، امیدواروں کو پانچ، پانچ سیکورٹی اہلکار دیئے جائیں گے، کراچی میں رینجرز اور پولیس کو امن قائم کرنے کیلئے کھلی چھوٹ دے دی ،میرے اقدامات ہیں جو یہ ظاہر کریں گے کہ میں مکمل غیر جانبدار ہوں ،کسی کے الزام لگانے کی کوئی پرواہ نہیں،نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی کی پریس کانفرنس

جمعہ 12 اپریل 2013 23:18

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12اپریل۔2013ء) نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس(ر) زاہد قربان علوی نے کہا ہے کہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو پانچ، پانچ سیکورٹی اہلکار دیئے جائیں گے، ہم نے کراچی میں رینجرز اور پولیس کو کھلی چھوٹ دی ہے کہ میدان میں جائیں اور وہ اقدامات کریں جس سے فضاء پرامن ہوجائے۔وہ جمعہ کوحیدرآباد میں سیاسی جماعتوں پولیس اور انتظامیہ کے افسران کے ساتھ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے الیکشن اور امن و امان سے متعلق مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے ہمارا وعدہ ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور کوشش کریں گے کہ ایسا ماحول کے ووٹرز بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچیں اور ووٹ کاسٹ کریں، انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے فوج کو بلانے کا مطالبہ نہیں کیا اگر یہ مطالبہ کیا گیا تو فوج کو بلائیں گے ورنہ کوئی ضرورت نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے واقعات ابھی سے خراب نہیں ہیں مجھ سے پہلے سے ہی کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ہورہی تھی، زاہد قربان علوی نے کہا کہ ہماری یہ اولین ترجیح الیکشن کے لئے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے کراچی میں رینجرز اور پولیس کو کھلی چھوٹ دی ہے کہ آپ میدان میں جائیں اور وہ اقدامات کریں جس سے فضاء اچھی ہوجائے، حیدرآباد میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے قتل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امیدواروں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا اور ہر امیدوار کو پانچ پانچ پولیس اہلکار دیئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر کوئی مجھ پر الزام لگاتا ہے کہ میرا تعلق کسی سیاسی جماعت سے ہے تو مجھے اس کی کوئی پرواہ نہیں اصل چیز تو میرے اقدامات ہیں جو یہ ظاہر کریں گے کہ میں مکمل غیر جانبدار ہوں، انہوں نے کہا کہ جو جو تبادلے کرنے تھے وہ کردیئے گئے ہیں مزید ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کی جائے گی