ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں،سیاسی جماعتوں کو ملک کی بقاء اور سالمیت کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا کے ذریعے انقلاب آسکتا ہے ،صحافیوں نے جمہوریت کی بحالی کیلئے بڑی قربانیاں دی ہیں ،ان کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا ،سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بزرگ سیاستدان الٰہی بخش سومرو کا نامور صحافی ڈاکٹر امیر بخش بھٹی کی برسی کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 فروری 2013 22:36

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔16فروری۔2013ء) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بزرگ سیاستدان الٰہی بخش سومرو نے کہا ہے کہ میڈیا کے ذریعے ملک میں انقلاب آسکتا ہے ،صحافیوں نے جمہوریت کی بحالی کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں جس کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے،آج ملک کے حالات انتہائی خراب ہیں جس کے لئے سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوکر ملک کی بقا اور سالمیت کے لئے کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے ۔

وہ ہفتہ کویہاں ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کی جانب سے سندھ کے نامور صحافی ڈاکٹر امیر بخش بھٹی کی پہلی برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امیر بخش بھٹی نے ہمیشہ عوامی مسائل کو اجاگر کیا اور ان کو حل کرانے کے لئے اپنا بھر پور کردارادا کیا ،ڈاکٹر بھٹی نے بغیر کسی خوف کے عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچائی ، تقریب سے شہری اتحاد کے صدر محمد اکرم ابڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر امیر بخش بھٹی نہ صرف صحافی تھے بلکہ سماجی کارکن بھی تھے جس نے جیکب آباد اور سندھ کے عوام کی خدمت کی،جمعیت علمائے اسلام کے ضلع صدر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ جیکب آباد کی صحافت میں ڈاکٹر امیر بخش کا نام ایک روشن ستارے کی ماند ہے ایسے صحافی صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں ،مرحوم مفلسی کی زندگی گذارنے کے باوجود عوام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھی، پیپلز پارٹی کے جنرل سیکریٹری عبدالستار بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے ،آزادی صحافت کے لئے پی پی کا کسی سے چھپا ہوا نہیں ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امیر بخش نے قلم کے ساتھ وفا کرکے خود کو امر کردیا ہے ، ایس ٹی پی کے ضلع صدر علی محمد لاشاری نے کہا کہ ڈاکٹر امیر بخش کا صحافتی کردارآج کے صحافیوں کے لئے مشعل راہ ہے ،آج کے صحافی اپنے سینئر صحافیوں کی راہ پر چل کر عوام کی خدمت کریں،مہران سوشل فورم کے چےئر مین عبدالحی سومرو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد کے صحافیوں نے عوام کے لئے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں ،ڈاکٹر امیر بخش بھٹی عظیم صحافی تھے، ڈسٹرکٹ پریس کلب کے صدر زاہد حسین رند نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیکب آباد کے صحافیوں نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو اجاگر کیا ہے اور عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے ،اپنے فرض کے ساتھ ایمانداری کرنے پر صحافیوں کو کئی مشکلات پیش آتی ہیں،مگر اس کے باوجود صحافیوں نے اپنا کردار ادا کیا ہے، سینئر صحافی پرویز ابڑو نے کہا کہ صحافی معاشرے کا ایک فرد ہوتا ہے ،جیکب آباد میں صحافیوں کوکئی مشکلات کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود صحافیوں کا کردار اہم رہا ہے ،انہوں نے کہا کہ آج کے اس کے پروگرام میں مرحوم صحافیوں کو ایوارڈ دینا خوش آئندعمل ہے ، سینئر صحافی محمد نواز سولنگی نے کہا کہ ڈاکٹر امیر بخش بھٹی کئی نوجوان صحافیوں کے استاد رہے ہیں اور ان کے کردار اور صحافتی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ،تقریب سے الطاف گوہر پیچوہو، عبدالرحمن آفریدی، عبدالسمیع سومرو، سجاد بھٹی،۔

(جاری ہے)

ہارون الرشید سومرو، آصف علی بھٹی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تقریب کے موقع پر جیکب آباد کے مرحوم بے باک صحافیوں ڈاکٹر امیر بخش بھٹی، علی شیر آفریدی، شفیع علی خان، فتاح عابد، ممتاز علی منگریو، تہذیب اسلام رضوی، نذر عباس بخاری، بالم بروہی، لئیق میاں اچکزئی، خورشید مستوئی، شاہمراد داودپوٹہ، آر بی کھوکھر اور گھنشام داس کو صحافتی خدمات کے عیوض ایوارڈ ان کے ورثہ کو دئیے گئے