معاشرے میں شعور وآگہی کے فروغ ، نوجوان نسل کی مثبت خطوط پر تعلیم و تربیت اورمعاشرے میں انصاف کی سربلندی یقینی بناکر قوم وملک کیلئے خوشحال اور بہترمستقبل یقینی بنایاجاسکتاہے، گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثر کی ہری پور بار ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو

جمعرات 24 جنوری 2013 21:59

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24جنوری۔2013ء) گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثر نے کہاہے کہ معاشرے میں شعور وآگہی کے فروغ ، نوجوان نسل کی مثبت خطوط پر تعلیم و تربیت اورمعاشرے میں انصاف کی سربلندی یقینی بناکر قوم وملک کیلئے خوشحال اور بہترمستقبل یقینی بنایاجاسکتاہے۔ وہ گورنرہاؤس پشاورمیں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ہری پور کے عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے، جنہوں نے بار کے صدر جاوید خان تنولی ایڈوکیٹ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔

اس موقع پرگورنر بیرسٹرمسعودکوثر نے ہری پور بار کیلئے پانچ لاکھ روپے مالیت کا چیک بھی ان کے حوالے کیا۔ واضح رہے کہ گورنرنے اس گرانٹ کا اعلان کچھ عرصہ قبل کیاتھا۔ گورنرنے کہاکہ ملک میں تحمل وبرداشت کی فضاء کو پروان چڑھا کر ہم آہنگی اور اخوت وبھائی چارے کو تقویت دی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

وکلاء کے مختلف نکات کاحوالہ دیتے ہوئے گورنرنے کہاکہ فاٹا کے نوجوانوں کو معاشرے کا کارآمد اور باشعور شہری بنانے کیلئے حکومت اقدامات اٹھارہی ہے۔ فاٹا کے لئے یوتھ پالیسی نہ صرف وضع کرلی گئی ہے بلکہ اس پرعملدرآمد ہورہاہے جبکہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے سیاسی عمل بھی شروع کردیاگیا۔ انہوں کہاکہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں فاٹا کے لوگ بہت جلد قومی دھارے کافعال حصہ ہوں گے۔