لائن آف کنٹرول پر بھارت کے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے‘ 14 جنوری سے تحقیقات شروع کرنا تھیں شدید برفباری کے باعث تحقیقات کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے، اقوام متحدہ کے امن مشن اور فیلڈ سپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان آندرے مچل کا برطانوی نشریاتی ادارے کو تحریری جواب

جمعرات 24 جنوری 2013 15:25

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 24جنوری 2013ء) اقوام متحدہ نے کہاہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے پاکستانی چیک پوسٹ پر حملہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے‘تحقیقات 14 جنوری سے شروع کرنا تھیں تاہم شدید برفباری کے باعث تحقیقات کے آغاز میں تاخیر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کواقوام متحدہ کے امن مشن اور فیلڈ سپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان آندرے مچل نے برطانوی نشریاتی ادارے کے سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ 6 جنوری کو لائن آف کنٹرول پر پاکستانی چوکی پر حملے کی تحقیقات کا آغاز بیس جنوری سے ہو گیا ہے۔

چھ جنوری کو لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے پاکستانی چوکی پر حملے میں ایک پاکستانی فوجی شہید اور ایک زخمی ہوا تھا۔ واقعے کے بعد پاکستان نے باضابطہ طور پر اقوام متحدہ کے مبصر مشن سے تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ترجمان نے کہاکہ تحقیقات کا آغاز چودہ جنوری کو ہونا تھا تاہم موسم کے باعث ملتوی کرنا پڑا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شدید برف باری کے باعث اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے ارکان کی رسائی اس علاقے تک ممکن نہیں تھی۔