رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کے بعد مرکزی تفتیشی افسر اصغر علی خان پر خاندان کی طرف سے نوکری چھوڑنے کا دباوٴ، میرے خاندان نے مجھے جھکنا اور ڈرنا نہیں سکھایا ، مستعفی نہیں ہونگا، اصغر خان کا انکار، ہم بزدل نہیں ، الله کے سوا کسی کا ڈر خوف نہیں، اصغر خان نوکری نہیں چھوڑ ے گا ، چچا الحاج غالب خان کی تردید

جمعرات 24 جنوری 2013 15:24

حضرو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 24جنوری 2013ء) رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کے بعد مرکزی تفتیشی افسر اصغر علی خان پر خاندان کی طرف سے نوکری چھوڑنے کا دباوٴ، میرے خاندان نے مجھے جھکنا اور ڈرنا نہیں سکھایا ، مستعفی نہیں ہونگا، اصغر خان کا انکار، ہم بزدل نہیں ، الله کے سوا کسی کا ڈر خوف نہیں، اصغر خان رینٹل پاور کیس کی تفتیش مکمل کرکے بھی نوکری نہیں چھوڑ دیں گے، چچا الحاج غالب خان کی تردید۔

(جاری ہے)

جمعرات کو یہاں اصغر خان کے خاندانی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ رینٹل پاور کیس کے تفتیشی افسر کامران فیصل کی خودکشی یا مبینہ قتل کے تناظر میں مرکزی تفتیشی افسر اصغر علی خان کے خاندان میں سخت تحفظات پائے جاتے ہیں جس پر خاندان کے افراد نے انہیں نوکری چھوڑنے کا کہہ دیا ہے مگر اصغر خان نے کہا کہ مجھے آپ یعنی میرے خاندان نے جھکنا اور ڈرنا نہیں سکھایا اس لئے میں استعفیٰ دینے کی بجائے اپنی تفتیش مکمل کروں گا، ذرائع کے مطابق اصغر خان کی اس ضد پر ان کی یہ بات تسلیم کر لی گئی ہے مگر انہیں تفتیش کے بعد ہر صورت مستعفی ہونے کا کہا گیا ہے ادھر رینٹل پاور کیس کے مرکزی تفتیشی افسر اصغر خان کے چچا الحاج غالب خان نے چھچھ پریس کلب کے چیئرمین نثار علی خان سے گفتگو میں کہا کہ کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت کے بعد ہم سمیت نیب کے تمام افسران کے والدین اور رشتہ داروں کو ضرور فکر لاحق ہے مگر ہم نے اصغر خان سے مستعفی ہونے کا نہیں کہا ،الحاج غالب خان نے کہا کہ میں نے اصغر خان کی ایسی تربیت نہیں کی کہ وہ یا خاندان میں کوئی دوسرا فرد خوفزدہ ہو اور اس سے ملک و قوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار اصغر خان مستعفی ہو جائے ، یاد رہے اصغر خان کا تعلق ضلع اٹک کی تحصیل حضرو کے دیہات حیدرسے ہے، ان کا کوئی بھائی نہیں وہ دو سال کی عمر کے تھے کہ ان کے والد نذر خان انتقال کر گئے تھے جس کے بعد ان کے چچا سابق ضلعی صدر پی پی پی و سرپرست اعلیٰ چھچھ محافظ کمیٹی تحصیل حضرو الحاج خان غالب خان نے ان کو پالا اور تعلیم و تربیت سمیت مکمل سرپرستی کی ، اصغر خان نیب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر تعیناتی سے قبل یونین کونسل فورملی کے نائب ناظم تھے۔