عوام کو آج بھی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قیادت میسر ہے‘ دونوں شخصیات کے نظریات اور اصولو ں کی روشنی میں آصف زرداری نے مفاہمتی سیاست کے ذریعے جمہوریت کو ہر قسم کی سازشو ں سے محفوظ بنا دیا‘ پنجاب کے عوام آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ بھٹو ازم کے ساتھ وابستگی کا اظہا ر کریں گے ‘ ہم نے اس بار پنجا ب میں بھی جیالا وزیر اعلیٰ لیکر آنا ہے، پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور وفاقی پارلیمانی بورڈ کی رکن فریال تالپور کی اوکاڑہ کے وفد سے بات چیت

جمعرات 24 جنوری 2013 15:24

اسلام آباد /اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 24جنوری 2013ء) پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور وفاقی پارلیمانی بورڈ کی رکن فریال تالپور نے کہا ہے کہ عوام کو آج بھی ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی قیادت میسر ہے۔ان دونوں شخصیات کے نظریات اور اصولو ں کی روشنی میں آصف علی زرداری نے مفاہمتی سیاست کے ذریعے جمہوریت کو ہر قسم کی سازشو ں سے محفوظ بنا دیا‘ پنجاب کے عوام آئندہ انتخابات میں پہلے سے زیادہ بھٹو ازم کے ساتھ وابستگی کا اظہا ر کریں گے ہم نے اس بار پنجا ب میں بھی جیالا وزیر اعلیٰ لیکر آنا ہے ۔

وہ پیپلز پارٹی ضلع اوکاڑہ کے صدر و رکن پنجاب اسمبلی محمد اشرف خاں سوہنا کی قیادت میں اسلام آباد میں ملنے والے وفد سے بات چیت کر رہی تھیں ۔فریا ل تالپور نے کہاکہ پیپلز پارٹی شخصیات کی نہیں نظریات کی جماعت ہے ۔

(جاری ہے)

یہ واحد پارٹی ہے جس کی قیادت نے خود جانوں کانذرانہ پیش کیا اور عوام کے ووٹوں سے ملنے والے اقتدار کو عوام کے قدموں میں لا کر رکھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ 2008 میں جب پیپلز پارٹی کو اقتدار ملا اس وقت اولین ترجیح جمہوریت کو مستحکم بنانا تھا۔ جسے مشرف نے آمریت کے ذریعے بے وقعت کر دیا تھا۔ صدر پاکستان آصف علی زردای نے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے وضع کر دہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف جمہوریت کو مفاہمتی سیاست کے ذریعے مستحکم کیا بلکہ جمہوریت کے وسیع تر مفاد میں خود صدر پاکستان کا عہدہ قبول کر کے ایوان صدر سے جمہوریت کے خلاف ہونے والی سازشوں کے دروازے ہمیشہ کیلئے بند کر دیے۔

فریال تالپور نے کہا کہ ہم نے آئندہ انتخابات کے ذریعے پنجا ب میں جیالا وزیراعلیٰ لانا ہے ۔ جس کیلئے ہمیں ماضی سے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں انتخابی مہم کی قیادت بلاول بھٹو خود کریں گے۔ اور شیڈول طے کیا جارہا ہے کہ وہ ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر خود جلسہ عام سے خطاب کریں۔