کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس کے مرکزی کردار افضل کوہستانی کے تین بھائی قتل

جمعہ 4 جنوری 2013 14:16

کوہستان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 4جنوری2013ء) کوہستان ویڈیو اسکینڈل کیس کے مرکزی کردار افضل کوہستانی کے تینوں بھائیوں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق تینوں افراد کو ویڈیو میں نظر آنے والی خواتین کے قبیلے افراد نے قتل کیا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع کوہستان میں دو قبائل کے درمیان تصادم ہوا جس میں تین افراد ہلاک اوردوخواتین زخمی ہوگئیں۔

ہلاک ہونے والے افراد کے بارے میں بتایاگیاہے کہ یہ افضل کوہستانی کے بھائی ہیں۔ معاملے کی تحقیقات کیلئے پچاس رکنی پولیس ٹیم روانہ ہوگئی۔ کچھ عرصہ قبل کوہستان میں موبائل سے بنائی گئی ایک ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس میں دو خواتین کوگیت گاتے اور دو لڑکوں کو رقص کرتے دکھایاگیاتھا۔واقعے پر مبینہ طورپرجرگہ ہوااورلڑکوں اور لڑکیوں کو ہلاک کرنے کا فیصلہ سنایاگیا جس کے بعد افضل کوہستانی نے اسلام آباد میں دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیو میں دکھائی جانے والی خواتین کو قتل کردیا گیا اور اْس کی جان کو بھی خطرہ ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق افضل اور ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر دو لڑکے پہلے ہی کسی نامعلوم جگہ منتقل ہیں۔ سماجی کارکن فرزانہ باری جو افضل کوہستانی کے خدشات جاننے کے لیے خیبر پختونخوا کی حکومت کے حکام کے ساتھ کوہستان گئی تھیں، انہوں نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مقامی لوگوں نے خون نہ بہنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور مخالف قبیلے نے بھی کہاتھا کہ وہ بدلہ نہیں لیں گے۔