ترقیاتی بجٹ میں کمی ،وزیراعظم کے صوابدیدی اخراجات کی مد میں مزید 5 ارب روپے کا اضافہ ، اضافے کیساتھ ملکی تاریخ میں پہلی بار اس مد میں مختص رقم 37 ارب روپے تک جاپہنچی، مجموعی طور پر گزشتہ 6 ماہ کے دوران پرویزاشرف نے روزانہ 20 کروڑ سے زائد روپے خرچ کیے ،برطانوی میڈیاکادعویٰ، پی ایس ڈی پی کے5 ارب روپے نکال کر پیپلز ورکس پروگرام میں ایڈجسٹ کیے گئے ، ترجمان منصوبہ بندی کمیشن کی تصدیق

جمعرات 3 جنوری 2013 13:36

لندن/ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 3جنوری2013ء) حکومت نے 2 ماہ کے عرصے میں ترقیاتی بجٹ میں کمی کرکے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے صوابدیدی اخراجات کی مد میں مزید 5 ارب روپے کا اضافہ کردیا اس اضافے کے ساتھ ملکی تاریخ میں پہلی بار اس مد میں مختص رقم 37 ارب روپے تک جاپہنچی ہے،ادھرمنصوبہ بندی کمیشن کے ترجمان رضوان ملک نے تصدیق کی ہے کہ پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام میں سے 5 ارب روپے نکال کر پیپلز ورکس پروگرام میں ایڈجسٹ کیے گئے ہیں۔

آزاد برطانوی نیوز ویب سائٹ ”دی نیوز ٹرائب“ کی رپورٹ کے مطابق ترقیاتی بجٹ میں اس کٹوتی سے 10 سے زائد منصوبے متاثر ہوں گے۔ اس سے قبل بھی وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے لیے زیرتعمیر منصوبوں کے اخراجات میں سے کٹوتی کرکے 10 ارب روپے فراہم کیے گئے تھے کیونکہ انہوں نے اپنے صوابدیدی فنڈز میں موجود 22 ارب روپے صرف ساڑھے 3 ماہ کے اندر خرچ کردیے تھے۔

(جاری ہے)

مجموعی طور پر گزشتہ 6 ماہ کے دوران راجہ پرویزاشرف نے روزانہ 20 کروڑ سے زائد روپے خرچ کیے ہیں جوکہ ممکنہ طور پر انتخابات میں ووٹوں کے حصول کے لیے ہی خرچ ہورہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ فنڈز پیپلزپارٹی کے انتخابی حلقوں میں مختلف منصوبوں پر خرچ ہورہے ہیں اور یہ اخراجات اس وقت ہورہے ہیں جب حکومت آئی ایم ایف سے ایک بار پھر بیل آوٴٹ پیکج کے لیے بات چیت شروع کرنے والی ہے۔