کراچی میں خون کی ہولی جاری ، تشدد کے واقعات میں شرجیل میمن کے ماموں زاد بھائی ، 2 پولیس اہلکاروں سمیت مزید8 جاں بحق ، 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 50 مشتبہ افراد گرفتار ،اسلحہ برآمد

بدھ 2 جنوری 2013 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) شہر قائد میں خون کی ہولی جاری ،فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات میں بدھ کو وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے ماموں زاد بھائی اور 2 پولیس اہلکاروں سمیت مزید 8 افراد جاں بحق ہوگئے،پولیس اور رینجرز نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران کالعد م تنظیم کے 2 ٹارگٹ کلرز سمیت 50 سے زائد افراد کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس ذرائع کیمطابق کراچی کے علاقے سائٹ میں نامعلوم افراد نے ایک کار پر فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جسکی شناخت جاوید عزیز میمن سے ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق مقتول بینک منیجر اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا ماموں زاد بھائی تھا۔وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے آئی جی سندھ کو واقعے کی تحیققات کا حکم دیدیا جس پر آئی جی سندھ نے تین رکنی تحیققاتی کمیٹی بنا دی ۔

(جاری ہے)

گزشتہ رات عائشہ منزل کے قریب ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ریحان خان کی نماز جنازہ سرجانی میں ادا کی گئی۔ ایم کیو ایم کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ طیب حسین کی نماز جنازہ اورنگی ٹاؤن میں ادا کی گئی۔ اْدھر بنارس پل کے قریب فائرنگ سے دو پولیس اہلکار فواد اور نعیم جاں بحق ہوگئے۔ لیاری میں مرزا آدم خان روڈ پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دونوں سگے بھائی ہیں۔ کورنگی کے علاقے حسن گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔ فشریز کے علاقے سے ایک شخص کی پانی میں ڈوبی لاش ملی ہیں۔ دوسری جانب گلشن اقبال میں پولیس مقابلے میں زخمی ہونے والا ملزم ہلاک ہوگیا۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران دو ٹارگٹ کلرز سمیت50 ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس نے سلطان آباد میںآ پریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے مبینہ ٹارگٹ کلرز کاشف عرف شوٹر اور طارق کو حراست میں لیا۔