لانگ مارچ ، سفر انقلاب اور نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مخالف قوتیں سرگرم ہوگئیں ، دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ذریعے ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا ، بم دھماکے کے ذریعے ہمدردوں کو شہید اورکارکنان کو زخمی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہیں ،ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراور وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستارکی بم دھماکے میں جاں بحق و زخمی ہونے والوں کے ایصال ثواب اور صحت یابی کیلئے منعقدہ قرآن خوانی کے اجتماع کے بعد صحافیوں سے گفتگو

بدھ 2 جنوری 2013 23:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینراور وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ لانگ مارچ ، سفر انقلاب اور نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی مخالف قوتیں سرگرم ہوگئیں اور انہوں نے ایم کیوایم کے جلسہ عام کے بعد موٹر سائیکل بم دھماکے کے ذریعے ایم کیوایم کے 4ہمدردوں کوشہیداور متعددکارکنان کو شہید و زخمی کردیا اور ہم اس انتہاء پسندی اور دہشت گردی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔

انہو ں نے اس عزم کااظہا رکیا کہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کے ذریعے ایم کیوایم کے حوصلوں کو ہرگز پست نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ہمارا عزم و استقلال اور مضبوط ہوا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز لال قلعہ گراؤنڈ عزیز آباد میں بم دھماکے میں شہید و زخمی ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان و ہمدردوں کے ایصال ثواب اور صحت یابی کیلئے منعقدہ قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کے اجتماع کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کے ذریعے ہمیں خوفزدہ نہیں کیا جاسکتا ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ملک سے جاگیرداریت اور استحصالیت کا خاتمہ نہیں ہوجانا ۔ انہوں نے کہاکہ جناح گراؤنڈ میں سب سے بڑے اور تاریخی جلسہ عام کے ذریعے انقلاب کے سفر کا عملی آغاز ہوگیا ہے اور اس کا مظاہرہ پاکستان بھر کے عوام نے دیکھا کے اس ملک میں تبدیلی کی آواز بلند کرنے والے دو قائدین الطاف حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری کے خطاب کو سن کر لوگ سفر انقلاب کے کاررواں میں شامل ہونے کیلئے بے چین ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ سفر انقلاب کا علم بلند ہوگیا ہے ، یہ مستقل تبدیلی اور فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز ہے جسے دہشت گردی ، قتل و غارتگری کے ذریعے نہیں روکا جاسکتا ۔ انہوں نے کہاکہ نیاسال 2013ء مظلوموں کیلئے سورج بن کر طلو ہوا ہے اور 14جنوری اس سورج کی روشنی پورے ملک کو منور کریگی ۔ انہو ں نے کہاکہ سفر انقلاب کا قافلہ رکنے والا نہیں ہے چاہے اس راستے میں جتنی بھی رکاوٹیں اور آزمائشیں کیوں نہ آجائیں یہ قافلہ خود بھی منزل پر پہنچے گا اور پاکستان کو بھی اس کی حقیقی منزل دلائے گا ۔