ملک کی بیس سے زائد دینی وسیاسی جماعتوں کا درپیش چیلنجز اورمسائل کے حل کے لئے گرینڈ الائنس قائم کرنے کا فیصلہ ،باضابطہ اعلان 20جنوری کو کیا جائے گا ، الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہو نے چاہیں ،طاہر القادری اور ایم کیو ایم اندرونی نہیں آئین مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، ڈاکٹر اے کیو خان لانگ مارچ میں شرکت نہیں کرینگے،تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر اے کیو خان کی زیر صدارت دینی سیاسی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلے

بدھ 2 جنوری 2013 23:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) تحریک تحفظ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر عبد القدیر خان کی سربراہی میں ملک کی بیس سے زائد دینی وسیاسی جماعتوں نے ملک کو درپیش چیلنجز اورمسائل کے حل کے لئے گرینڈ الائنس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کا باضابطہ اعلان بیس جنوری کو کیا جائے گا جبکہ تحریک تحفظ پاکستان نے کہا ہے کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہو نے چاہیں ،طاہر القادری اور ایم کیو ایم اندرونی نہیں آئین مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں ، ڈاکٹر اے کیو خان لانگ مارچ میں شرکت نہیں کرینگے، بدھ کو ڈاکٹر اے کیو خان کی زیر صدارت ان کی رہائش گاہ پر ملک کی بیس سے زائد دینی و سیاسی جماعتوں کے رہنماوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا سمیع الحق ، جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ ، اہلسنت و الجماعت کے مولانا احمد لدھیانوی ، جمعیت اہلحدیث کے مولانا ابتسام الہی ظہیر، تحریک انصاف ، تحریک خاکسار اور جمعیت علمائے اسلام نظریاتی سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی ،تحریک تحفظ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر رفیق احمد غنچہ نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور جو چیلنجز درپیش ہیں ان سے نمٹنے کے لئے محب وطن قیادت کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کی کشتی کو بھنور سے نکال سکے،اجلاس میں تمام جماعتوں نے مشترکہ اور متفقہ قومی ایجنڈا تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ملک کسی بھی مہم جوئی یا غیر آئینی کارروائی کا متحمل نہیں ہو سکتا ،انہوں نے کہا بیس جنوری کو مستقبل کے سیاسی اتحاد کے قیام کے لئے تمام جماعتوں کا مشاورتی اجلاس دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے اس میں شرکت کے لئے پی پی پی ، مسلم لیگ (ن) ، مسلم لیگ (ق) سمیت دیگر جماعتوں کو بھی دعوت دی جائے گی ، گرینڈ الائنس انتخابی اتحاد نہیں ہو گا اس پلیٹ فارم سے ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے اور ملک کی بقا و سلامتی کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔