چوہدری برادران نے احمد مختار کے اپنے خلاف بیانات ،طاہر القادری کے لانگ مارچ میں شرکت ، سیاسی صورتحال پر غور کیلئے پارٹی کامشاورتی اجلاس (کل) اسلام آباد میں طلب کرلیا

بدھ 2 جنوری 2013 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اورنائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں بالخصوص چوہدری احمد مختار کے اپنے خلاف دیئے گئے بیانات پر غور طاہر القادری کے 14جنوری کے لانگ مارچ میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سمیت سیاسی صورتحال پر غوروغوض کیلئے پارٹی کامشاورتی اجلاس (کل) جمعرات کو اسلام آباد میں طلب کرلیا جس میں (ق)لیگ سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت ،مشیر اور صوبائی صدور اجلاس میں شرکت کریں گے ۔

مشاورتی اجلاس کے باعث (ق) لیگ کے وزراء کی کابینہ کے اجلاس میں شرکت مشکوک ہوگئی ۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس (کل) جمعرات کو چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ میں بلایا ہے ،صوبائی صدور ،وفاقی وزراء و وزرائے مملکت اور وزیراعظم کے مشیر کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیرپانی وبجلی چوہدری احمد مختار کے منگل اور بدھ کو چوہدری برادران کے حوالے سے بیانات کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ پروفیسر طاہر القادری سے ہونے والی ملاقات کے بعد حکومتی حلقوں کی جانب سے اٹھائی جانے والی انگلیوں پر غور بھی ہوگا۔ مشاورتی اجلاس میں پروفیسر طاہر القادری کے متوقع لانگ مارچ اور ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر مشاورت کی جائے گی ۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں دونوں جماعتوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کیلئے بحریہ ٹاؤن کے سابق سربراہ ملک ریاض حسین میدان میں کود پڑے ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان ناراضگی کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں ۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے مشاورتی اجلاس میں شرکت کے باعث مسلم لیگ (ق) کے وفاقی وزراء وفاقی کابینہ کی میٹنگ میں شرکت نہیں کرسکیں گے ۔