قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق انتخابات کرائیں گے، جمہوری ریاست کے لئے شفاف انتخابات ضروری ہیں، ا لیکشن کیلئے 7لاکھ افراد پر مشتمل عملہ درکار ہوگا، انتخابی مہم کی نگرانی کے لیے5 سو مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، ضلعی ریٹرنگ آفیسر کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے ،ڈی پی اوز اورڈی سی اوز بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے ، انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی ،امیدواروں کو کلیئرنس کے بعد5مسلح محافظ رکھنے کی اجازت ہوگی،سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کی اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ

بدھ 2 جنوری 2013 20:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق انتخابات کرائیں گے، جمہوری ریاست کے لئے شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے، انتخابات کے لئے 7لاکھ افراد پر مشتمل عملہ درکار ہوگا، انتخابی مہم کی نگرانی کے لیے پانچ سو مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی ضلعی ریٹرنگ آفیسر کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے ،ڈی پی اوز یا ڈی سی اوز بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے ، انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی ،امیدواروں کو کلیئرنس کے بعد پانچ مسلح محافظ رکھنے کی اجازت ہوگی ،ضمنی انتخابات میں انتظامات تسلی بخش نہیں تھے۔

وہ بدھ کو یہاں الیکشن کمیشن کے اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دے رہے تھے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمدخان نے کہا کہ قائد اعظم کے اصولوں کے مطابق عام انتخابات کرائیں گے ۔

(جاری ہے)

جمہوری ریاست کے لئے شفاف انتخابات کا انعقاد ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں امن وامان یقینی بنانے کیلئے طریقہ کاربنارہے ہیں۔انہوں نے اعتراف کیا کہ ضمنی انتخابات میں انتظامات تسلی بخش نہیں تھے۔

انتخابات میں فیصلوں پر عملدرآمد کے لئے میکنزم بنارہے ہیں ۔ میکنزم بنائے بغیر فیصلوں پر عملدرآمد ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ضلعی انتظامیہ الیکشن سیکیورٹی اور امن وامان کی ذمہ دار ہوگی ۔ اس حوالے سے کمیٹیاں بنائی جائیں گی ۔ضلعی ریٹرنگ آفیسر کمیٹیوں کے سربراہ ہوں گے ۔ڈی پی او یا ڈی سی او بھی کمیٹیوں میں شامل ہوں گے ۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے دوران اسلحہ کی نمائش پر پابندی ہوگی۔ امیدواروں کو کلیئرنس کے بعد پانچ سیکیورٹی محافظ رکھنے کی اجازت ہوگی ۔ کوئی شخص پولنگ اسٹیشن پر اسلحہ لے کر نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کے لئے 7لاکھ افراد پر مشتمل عملہ درکار ہوگا۔ صرف محکمہ تعلیم نہیں بلکہ دیگر شعبوں سے بھی عملے کیلئے لوگ لئے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابی مہم کی نگرانی کیلئے پانچ سو مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ غیر ملکی مبصروں کو ایک ہفتے کے لئے ویزہ جاری کیاجائے گا۔