نظام میں بہتری و اصلاح صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ممکن ہے ، جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ،ہمیں جمہوریت پر لیکچر دینے والے پہلے اپنے کاغذات دکھائیں جمہوریت کی بحالی میں ان کا کیا کردار ہے؟ ، تاریخ میں پہلی بار آزاد الیکشن کمیشن قائم ہے اقتدار کا راستہ صرف عوام سے ہوکر گزرتا ہے ، کسی کو عوام کی حمایت کا دعویٰ ہے تو انتخابات میں حصہ لے ، ہم نے سادہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود نہ صرف حکومت بنائی ،متفقہ آئینی ترامیم بھی کیں ، آئندہ پارلیمنٹ بھی پانچ سال پورے کرے تو کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکے گا ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا تقریب سے خطاب

بدھ 2 جنوری 2013 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت کے قائم ہوتے ہی سیاسی پنڈتوں نے اس کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دینا شروع کر دی تھی مگر اس کے باوجود ہم نے پانچ سال پورے کر لئے ،جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں اس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں ،ہمیں جمہوریت پر لیکچر دینے والے پہلے اپنے کاغذات دکھائیں کہ ان کا جمہوریت کی بحالی کیلئے کیا کردار ہے؟ ، تاریخ میں پہلی بار آزاد الیکشن کمیشن قائم ہے اقتدار کا راستہ صرف عوام سے ہوکر گزرتا ہے ، نظام میں بہتری اور اصلاح صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ممکن ہے کسی کو عوام کی حمایت کا دعویٰ ہے تو انتخابات میں حصہ لے ، ہم نے سادہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود نہ صرف حکومت بنائی بلکہ متفقہ آئینی ترامیم بھی کیں ، آئندہ پارلیمنٹ بھی پانچ سال پورے کرے تو کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکے گا ۔

(جاری ہے)

وہ بد ھ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے برطرف ملازمین کی بحالی اور عارضی ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بحال ہونے والے اور مستقل ہونے والے این ایچ اے کے ملازمین کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی ترقی میں سڑکوں کا اہم کردار ہے جرمن حکمران ہٹلر کو ایک معیشت دان نے جرمنی میں سڑکیں بنانے کامشورہ دیا تھا اور آج جرمنی کی ترقی کی وجہ وہی بنیادی ڈھانچہ ہے انہوں نے کہا کہ جس وقت پیپلز پارٹی نے حکومت سنبھالی تو بے پناہ چیلنجز درپیش تھے جن میں دہشتگردی کے علاوہ توانائی اور خوراک کا بحران بھی تھے 26لاکھ ٹن گندم درآمد کرنی پڑ ر ہی تھی جبکہ تیل درآمد کرنے کیلئے صرف چند ہفتوں کے پیسے بچے تھے اس حالت میں بھی ہم نے ملک کو بچایا کئی محاذوں پر لڑائی لڑی انہوں نے کہا کہ جب موجود حکومت قائم ہوئی تو غیر یقینی کی صورتحال ایسی تھی کہ سیاسی پنڈت حکومت کے خاتمے کی ڈیڈ لائن دے رہے تھے لیکن ان سب کے باوجود ہم نے پانچ سال پورے کئے اور کئی ایسے کام کرکے دکھائے جو دو تہائی اکثریت والے بھی نہیں کرسکے پیپلز پارٹی نے نہ صرف 125نشستوں پر حکومت بنائی بلکہ آئین میں متفقہ طور پر ترامیم بھی کیں پارلیمنٹ نے ریکارڈ قانون سازی کی ۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنایا مزدور کی کم از کم تنخواہ بڑھائی اور موجودہ حکومت نے ہی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 120فیصد اضافہ کیا ۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ جس وقت خورشید شاہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی ایک لاکھ سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے اور گیارہ ہزار برطرف ملازمین کو بحال کرنے میں مصروف تھی اور مخالفین ہمیں گالیاں دے رہے تھے لیکن ہم نے کسی بھی ملازم سے یہ نہیں پوچھا کہ وہ کس پارٹی کا ووٹر ہے اور سب کو بلاامتیاز مستقل کیا ۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب کچھ لوگ موجودہ جمہوری نظام پر یقین نہیں رکھتے اگر کسی کے پاس اس سے بھی اچھا نظام ہے تو میدان میں آئے اور لوگوں سے ووٹ لے یہ ملک کسی ایک شخص ، گروہ قبیلے یا خاندان کا نہیں بلکہ اٹھارہ کروڑ عوام کا ہے اس وقت پارلیمنٹ میں عوام کے منتخب کردہ نمائندے بیٹھے ہیں جبکہ وزیراعظم اور کابینہ بھی عوام کی منتخب کردہ ہے انہوں نے کہا کہ نظام کی اصلاح اور درستگی کا واحد راستہ پارلیمنٹ سے ہوکر گزرتا ہے اگر جمہوریت ناکام بھی ہوجائے تو اس کو مزید جمہوریت سے درست کیاجاسکتا ہے اور جمہوریت کے علاوہ اس ملک میں کوئی اور نظام چل ہی نہیں سکتا انہوں نے کہا کہ کسی کو عوام کی حمایت کا دعویٰ ہے تو وہ الیکشن لڑے اور اپنے دعوے کو سچ کر دکھائے ہمیں جمہوریت کا لیکچر دینے والے پہلے اپنے کاغذات دکھائے کہ کیا انہوں نے ہماری طرح جمہوریت کیلئے مار کھائی ، کوڑے کھائے ، جیلیں کاٹی یا پھانسیاں لگے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں لوگوں کا سیاسی شعور دنیا کے کسی ملک سے کم نہیں اور وہ کسی کے جھانسے میں نہیں آئینگے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات قریب ہیں اگر آئندہ پارلیمنٹ نے بھی اپنے پانچ سال پورے کرلئے تو اس سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی اور پھر اسے کبھی کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا تاریخ میں پہلی بار انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں شفاف انداز میں ہورہی ہیں الیکشن کمیشن آزاد ہے اور کوئی اس حوالے سے حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کیلئے حتمی فیصلے کا حق صرف عوام کے پاس ہے انہوں نے کہا کہ جمہوریت بحال کروائی تھی اور اب ہر قیمت پر اس کا دفاع کرینگے اب کوئی جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرسکتا ۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مواصلات ارباب عالمگیر نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کرپشن ختم کرنے سے ہی حکومت اور افسران کی نیک نامی ہوگی انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس ملک کو کچھ دیں انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ ملک میں 12ہزار 200 کلو میٹر طویل سڑکوں کی دیکھ بھال کیلئے 35ارب روپے سالانہ درکار ہیں جبکہ وزارت کا ترقیاتی فنڈز صرف 17ارب روپے ہے اور یہ فنڈ بھی درست انداز میں خرچ نہیں ہوتا ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے این ایچ اے کے بحال ہونے والے اور مستقل کئے جانے والے ملازمین میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے ۔