دیامر بھاشاڈیم 10 سالہ منصوبہ ہے، مقررہ وقت میں مکمل کرلیاجائے گا،منصوبے پرنوارب ڈالرلاگت آئے گی ،امریکہ نے ساڑھے تین ارب ڈالرفراہم کرنے کایقین دلایاہے،ا س سال مزید450میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی،بھاشاڈیم سمیت دیگرمنصوبوں کی تکمیل سے 2022ء تک بجلی دوسے تین روپے فی یونٹ ہوجائے گی،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کو چیئرمین واپڈاکی بریفنگ،کمیٹی کاوفاقی وزیرپانی وبجلی اوروفاقی سیکرٹری کی اجلاس میں عدم شرکت پراظہاربرہمی،شوکازجاری

بدھ 2 جنوری 2013 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کوبتایاگیاہے کہ دیامر بھاشاڈیم دس سالہ منصوبہ ہے جسے مقررہ وقت میں مکمل کرلیاجائے گا،منصوبے پرنوارب ڈالرلاگت آئے گی امریکہ نے ساڑھے تین ارب ڈالرفراہم کرنے کایقین دلایاہے،ا س سال مزید450میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جائے گی،بھاشاڈیم سمیت دیگرمنصوبوں کی تکمیل سے 2022ء تک بجلی دوسے تین روپے فی یونٹ ہوجائے گی،کمیٹی کاوفاقی وزیرپانی وبجلی اوروفاقی سیکرٹری کی اجلاس میں عدم شرکت پراظہاربرہمی،شوکازجاری کردیا۔

بدھ کوقائمہ کمیٹی برائے پانی وبجلی کااجلاس کمیٹی کے چیئرمین غلام مصطفی شاہ کی زیرصدارت یہاں پارلیمنٹ ہاوٴس میں ہوا جس میں وزارت پانی وبجلی کے سپیشل سیکرٹری،چیئرمین واپڈاسمیت دیگراعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈانے کمیٹی کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ بھاشاڈیم منصوبے کوبندکرنے کی خبریں بے بنیادہیں منصوبے پرکام جارہی ہے یہ دس سالہ منصوبہ ہے جس پرکام جاری ہے انفراسٹرکچر میں مقامی لوگوں کی مشکلات کومدنظررکھاجارہاہے،ہماری کوشش ہے کہ اس منصوبے سے مقامی آبادی متاثرنہ ہو۔

انہوں نے بتایاکہ بھاشاڈیم پرنوارب ڈالرلاگت آئے گی جبکہ اس منصوبے کیلئے امریکہ نے ساڑھے تین ارب ڈالردینے کایقین دلایاہے۔انہوں نے بتایاکہ بھاشاڈیم کواس طرح تعمیرکی جارہاہے کہ سیلاب اورزلزلے کی صورت میں ڈیم کوکم سے کم نقصان ہوگا۔چیئرمین واپڈانے بتایاکہ بھاشاڈیم سے 4500میگاواٹ بجلی پیداہوگی جس سے ملک میں توانائی کے بحران پرقابوپانے میں مددملے گی ۔

انہوں نے بتایاکہ بھاشاڈیم سمیت دیگرمنصوبوں کی تکمیل سے 2022تک ملک میں بجلی کی قیمت دوسے تین روپے فی یونٹ ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ اس سال450میگاواٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔وزارت پانی وبجلی کے سپیشل سیکرٹری نے کمیٹی کوبتایاکہ اس وقت ملک میں بجلی کی پیداوارنوہزارمیگاواٹ یومیہ کے قریب ہے جبکہ اس کی طلب چودہ ہزارمیگاواٹ کے قریب ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھاشاڈیم منصوبہ ملک کی توانائی کی ضرورت کوپوری کرنے کے حوالے سے اہمیت کاحامل ہے ۔

اجلاس میں ارکان کمیٹی نے بجلی کاشارٹ فال کم نہ ہونے پربرہمی کااظہارکیا اورچیئرمین کمیٹی سے استدعاکی کہ اجلاس میں نہ آنے پروفاقی وزیرپانی وبجلی اورسیکرٹری پانی وبجلی کونوٹس جاری کاجائے جس پرچیئرمین کمیٹی نے کہاکہ وفاقی وزیراورسیکرٹری پانی وبجلی کونوٹس جاری کیاجائے گااوراگلے اجلاس میں شرکت کاپابندبنایاجائے گا۔