قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کارکردگی پراظہاراطمینان،کمیٹی کی پاکستان انجینئرنگ کونسل میں لگایاگیا سولر انرجی سسٹم ملک کے دیگر حصوں میں نصب کرنے ،کونسل میں اقلیتوں کے کوٹے کو بڑھانے کی ہدایات

بدھ 2 جنوری 2013 20:24

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کارکردگی کوتسلی بخش قراردیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں لگایا جانے والا سولر انرجی سسٹم ملک کے دیگر حصوں میں بھی نصب کیا جائے جبکہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں اقلیتوں کے کوٹے کو بڑھایا جائے ۔

بدھ کو یہاں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالقادر خانزادہ کی زیر صدارت پاکستان انجینئرنگ کونسل میں ہوا جس میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے اعلیٰ حکام کے علاوہ کے علاوہ پی ای سی کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کے اعلیٰ افسران نے پی ای سی کی کارکردگی سمیت دیگر اعلیٰ امور پر بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

پی ای سی کے افسران نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل میں نصب کئے جانے والا سولر انرجی سسٹم بڑی کامیابی کے ساتھ توانائی کی ضروریات پورا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران کی وجہ سے پی ای سی کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوگئی تھی تاہم جب سے سولر انرجی سسٹم نصب کیا گیا تو اس کے بعد کافی حد تک پاکستان انجینئرنگ کونسل کے امور اور دیگر معاملات احسن طریقے سے چلائے جارہے ہیں ۔

اجلاس میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی گئی ہے کہ اگر سولر انرجی سسٹم بہتر کام کر رہا ہے تو اسے ملک کے دیگر حصوں میں بھی نصب کیا جائے تاکہ توانائی بحران سے پیدا ہونے والی صورتحال کو بہتر کیا جاسکے ۔ کمیٹی نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی ای سی میں اقلیتوں کے کوٹے کو بڑھایا جائے اور حکومت کی جانب سے اقلیتوں کیلئے جو کوٹہ مختص کیا گیا ہے اس پر سختی سے عمل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :