اگر الیکشن ملتوی ہوئے تو لانگ مارچ کیا جائے گا، حکومت فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے،مسلم لیگ (ن) کے رہنماء لیاقت جتوئی کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 جنوری 2013 20:23

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ اگر الیکشن ملتوی ہوئے تو لانگ مارچ کیا جائے گا، حکومت فوری طور پر انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے، وہ حیدرآباد میں عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے‘ لیاقت جتوئی نے کہا ہے کہ سیاسی بھرتیوں کے ذریعے تعینات افسران کی نگرانی میں شفاف الیکشن نہیں ہوسکتے اس لئے سپریم کورٹ کو چاہئے کہ اس کا ازخود نوٹس لے کر ایسے افسران کو ہٹایا جائے، انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کررہی ہے لیکن ہم کسی بھی قیمت پر الیکشن ملتوی نہیں ہونے دیں گے اگر ایسا کیا گیا تو لانگ مارچ کریں گے کیونکہ اس ملک میں تمام مسائل کا حل فوری انتخابات ہیں اس لئے حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر ملک میں عام انتخابات کا اعلان کرے، عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے سندھ میں بلدیاتی نظام کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک اس نظام کو ختم نہیں کیا جاتا اس وقت تک حکومت سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی، انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کو کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل کرنا چاہئے، ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے سندھ کا جو حشر کیا ہے اس کا ازالہ کئے بغیر عوام انہیں معاف نہیں کریں گے، سندھ کی تمام سیاسی پارٹیوں کو چاہئے کہ وہ موجودہ حکمرانوں سے نجات کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔