چیف الیکشن کمشنر نے آئندہ عام انتخابات مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں کرانے کا عندیہ دیدیا ، آرمی چیف نے مجھے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے‘ فوج پولنگ سٹیشنز پر انتخابی نتائج کے اعلان تک موجود رہے گی‘ امن وامان برقرار رکھنا آئندہ انتخابات کا واحد مسئلہ ہے ،ا من وامان برقرار رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ انتخابات شفاف نہ ہوں‘ پارلیمانی جمہوریت کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں ‘ ماضی میں انتخابات کے شفاف ہونے پر عوام کو تحفظات رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم کا الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

بدھ 2 جنوری 2013 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) فخرالدین جی ابراہیم نے آئندہ عام انتخابات مکمل طور پر فوج کی نگرانی میں کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے مجھے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے‘ فوج پولنگ سٹیشنز پر انتخابی نتائج کے اعلان تک موجود رہے گی‘ امن وامان برقرار رکھنا آئندہ انتخابات کا واحد مسئلہ ہے ،ا من وامان برقرار رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ انتخابات شفاف نہ ہوں‘ پارلیمانی جمہوریت کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں ‘ ماضی میں انتخابات کے شفاف ہونے پر عوام کو تحفظات رہے ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز‘ چاروں صوبوں کے انسپکٹر جنرل پولیس کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں عام انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے اور ضابطہ اخلاق کی پابندی کیلئے ضروری فیصلے کئے گئے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فخر الدین جی ابراہیم نے کہا کہ پارلیمانی جمہوریت کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں ‘ ماضی میں انتخابات کے شفاف ہونے پر عوام کو تحفظات رہے ہیں مگر اس بار الیکشن کمیشن کی پوری کوشش ہو گی کہ عوام کے تحفظات کو دور کیاجائے ۔

انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے انتخابات میں بھرپور تعاون کی یقین دہائی کرائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوج پولنگ اسٹیشن پر نتائج کے اعلان تک موجود رہے گی۔ذاتی طورپر میری یہ تجویز ہے کہ پولنگ اسٹیشنر پر مسلح فوجی ہونے چاہیے۔انہوں نے کہاکہ قانون کی پاسدار ہم سب کی آئینی ذمہ داری ہے ،قانون پر عمل کرکے ہی ہم پارلیمانی جمہوریت کو ملک میں رائج کرسکتے ہیں۔ اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمیشنر نے انتخابات میں امن وامان برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی اداروں سے تجاویز بھی مانگی۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شفاف انتخابات کروانے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایاجائے گااوراس سلسلے میں فوج سے بہت سی توقعات وابستہ ہیں۔