سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم گیلانی کی این آر او عمل درآمد کیس میں اپنی نااہلیت کے فیصلے کیخلاف ڈاک سے وصول نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی

بدھ 2 جنوری 2013 14:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی این آر او عمل درآمد کیس میں اپنی نااہلیت کے فیصلے کے خلاف ڈاک سے وصول نظر ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی، رجسٹرار آفس نے اپنے اعتراض میں کہا ہے کہ سابق وزیراعظم کی طرف سے فیصلہ پر نظرثانی کی درخواست مقررہ مدت میں دائر نہیں کی گئی، یہ درخواست انفرادی حیثیت میں دائر کرتے ہوئے اس کے ساتھ سیکیورٹی چالان بھی نہیں لگایاگیا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کی طرف سے اپنی نااہلیت کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی درخواست بدھ کو دائر کی گئی تاہم اس پر رجسٹرار آفس نے مجموعی طور پر 8 اعتراضات لگا کر اسے واپس کردیا‘ رجسٹرار آفس کے اعتراضات میں درخواست کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فیصلے کے خلاف اپیل کی مقررہ مدت گزرنے کے بعد اسے دائر کیا جارہا ہے ۔ درخواست پر اعتراض لگایا گیا ہے کہ اس کے ساتھ سیکیورٹی چالان نہیں لگایا گیا اور درخواست انفرادی حیثیت میں دائر کی گئی ہے ۔ ان تمام اعتراضات سمیت نظر ثانی کی درخواست پر 8سے زائد اعتراضات لگائے ہیں ۔