اذلان شاہ کپ سے قبل پاکستان ہاکی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان

بدھ 2 جنوری 2013 13:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا امکان ہے ۔پی ایچ ایف کے ذرائع کے مطابق انتظامیہ بعض کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے مطمئن نہیں ہے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ مارچ میں ہونے والے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ٹیم کے دو سے تین کھلاڑیوں کو تبدیل کیا جائے گا۔

ٹیم آفیشلز نے9 اے سائیڈ ملبورن ہاکی چیمپئنز ٹرافی اور قطر ایشین چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے علیحدہ علیحدہ رپورٹ تیارکی ہے جس میں تین کھلاڑیوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہارکیا گیا ہے اور ان کی جگہ نئے کھلاڑیوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی چند دن آرام کے بعد مختلف ملکوں میں ہاکی لیگ کھیلنے جائیں گے ان میں بعض کھلاڑی بھارت میں لیگ کھیلنے جائیں گے جبکہ چند کھلاڑی ملائیشیا، انگلینڈ اور ہالینڈ میں لیگ کھیلیں گے۔

اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ فروری کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوگا۔ جس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ ، بھارت کے خلاف ہوم اوربھارتی سرزمین پر ہونے والی سیریز کے لیے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :