آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ کل سے سڈنی میں شروع ہوگا، سری لنکاکیخلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے آسٹریلوی ٹیم کا چار فاسٹ باؤلرز کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ‘ مائیکل کلارک فٹ ہوگئے

بدھ 2 جنوری 2013 13:58

سڈنی( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مائیکل کلارک اپنی انجری سے چھٹکارا پا کر کل جمعرات سے سری لنکا کیخلاف کھیلے جانیوالے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں شرکت کرینگے ، کرکٹ آسٹریلیا نے سری لنکا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے چار فاسٹ باؤلرز کو ٹیم میں شامل کیا ہے جن میں مچل جانسن، پیٹر سڈل، جیکسن برڈ اور مچل سٹیرک شامل ہیں، مچل سٹیرک کو آل راؤنڈر شین واٹسن کی جگہ ٹیم میں لیا گیا ہے ، ان چار فاسٹ باؤلرز کے ساتھ نیتھن لیون سپنر ہونگے۔

اپنے انٹرنیشنل کیرئیر کا آخری میچ کھیلنے والے مائیکل ہسی پانچویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آئیں گے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے سڈنی ٹیسٹ کیلئے اعلان کردہ حتمی گیارہ کھلاڑیوں میں مائیکل کلارک(کپتان)، ڈیوڈ وارنر ، ایڈکوون، فلپ ہیوز، مائیکل ہسی، میتھیو ویڈ،پیٹر سڈل، مچل جانسن، مچل سٹیرک، جیکسن برڈ اور نیتھن لیون شامل ہیں۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آخری میچ کل جمعرات سے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہوگا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق علی الصبح ساڑھے 4 بجے شروع ہوگا۔

سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو 2-0 سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے میچ میں 137 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں میزبان نے آئی لینڈرز کو اننگز اور 201 سے ہرا کر سیریز میں کامیابی حاصل کرلی تھی۔ ٹیسٹ سیریز کے بعد آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان 5ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :