وریندرسہواگ میدان میں دہشت گردانہ بلے بازی کرتے ہیں ، ناصرجمشید ا نتہائی قابل بیٹسمین ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر اور پی سی بی کے خیر سگالی کے سفیر صادق محمد کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 2 جنوری 2013 13:57

کولکتہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 2جنوری2013ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر اور پاک بھارت کرکٹ سیریز کیلئے پی سی بی کے خیر سگالی کے سفیر صادق محمد نے کہاہے کہ بھارتی ٹیم کے اوپننگ بلے باز وریندر سہواگ جب اسکور بنانا شروع کرتے ہیں تو انہیں روکنا بہت ہی مشکل ہوتا ہے،سہواگ کی بیٹنگ اور دہشت گردی بہت مشابہت رکھتی ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سہواگ کا بہت ہی احترام کرتاہوں وہ ایک عظیم بلے باز ہیں،سہواگ جب بلے بازی شروع کرتاہے تو اچھے اچھے بالرز پریشان ہوجاتے ہیں۔

(جاری ہے)

صادق محمد نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ناصر جمشید کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ناصرجمشید ا نتہائی قابل بیٹسمین ہیں جو کہ لمبی اننگ کھیلنے کی مہارت رکھتاہے،وہ کریز پر جم جانے کے بعد سکور میں مسلسل اضافہ کرتا رہتا ہے اور اسی بات نے انہیں خطرناک بلے بازوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے۔ناصر بہترین یا سہواگ کے سوال کے جواب میں صادق محمد نے اپنے ہم وطن بلے باز کو سہواگ پر ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ کریز پر سٹل ہوجانے کے بعد ناصر کو آوٹ کرنا انتہائی مشکل ہوتا ہے جب کہ اس کے برعکس بھارتی اوپنر کو آؤٹ کرنیکا25فیصد چانس ہوتا ہے۔