الیکشن کمیشن نے انتخابات میں امن و امان سے متعلق تجاویز مانگ لیں

بدھ 2 جنوری 2013 12:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 2جنوری2013ء) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی اداروں سے تجاویز مانگ لیں، چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کا کہنا ہے کہ امن وامان برقرار رکھنا آئندہ انتخابات کا واحد مسئلہ ہے، امن و امان برقرار رہا تو کوئی وجہ نہیں کہ انتخابات شفاف نہ ہوں۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر فخر الدین جی ابراہیم کی زیر صدارت انتخابی سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا، جس میں سیکریٹری دفاع، سیکریٹری داخلہ، ڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی، آئی جی اسلام آباد اور صوبائی چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم کا کہنا تھا کہ ان کی تجویز یہی ہے کہ پولیس اسٹیشن پر مسلح فوجی ہونا چاہئے اور نتائج کے اعلان تک فوج پولنگ اسٹیشن پر موجود رہے، ماضی میں انتخابات کے شفاف ہونے پر عوام کے تحفظات رہے ہیں، قانون کی پاسداری ہم سب کی آئینی ذمہ داری ہے، پارلیمانی جمہوریت کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں۔ فخر الدین جی ابراہیم کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے انتخابات میں بھرپور تعاون کی یقینی دہانی کرائی ہے۔