خواتین ہی نہیں پورہ معاشرہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہے، وفاقی حکومت جلد از جلد با معنی مزاکرات یا پھر بھر پور آپریشن کا فیصلہ کرے، شیر افضل بانڈہ میں غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے چھ خواتین اور ایک مرد کو جان بحق ، ایک کو شدید زخمی کردیا ، معاشرے میں خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے کو انسان نہیں سمجھا جاتا،یہ دہشت گرد خواتین سمیت پورے معاشرے کے دشمن بن چکے ہیں ،صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخار حسین کی میڈیا سے گفتگو

منگل 1 جنوری 2013 20:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) صوبائی وزیراطلاعات میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خواتین ہی نہیں پورہ معاشرہ دہشت گردوں کے نشانے پر ہے وفاقی حکومت جلد از جلد با معنی مزاکرات یا پھر بھر پور آپریشن کا فیصلہ کرے ۔ سول آفیسر ز میس پشاور میں صوابی میں ہونے والے دہشت گردانہ واقعہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ صوابی انٹر چینج کے قریب شیر افضل بانڈہ علاقہ میں ایک غیر سرکاری تنظیم کی گاڑی پر دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے چھ خواتین اور ایک مرد کو جانبحق جبکہ ایک کو شدید زخمی کردیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین پر ہاتھ اٹھانے والے کو انسان نہیں سمجھا جاتا اور یہ دہشت گرد خواتین سمیت پورے معاشرے کے دشمن بن چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ سوچ بربریت اور انسانیت دشمن ہونے کے ساتھ ساتھ اینٹی پاکستان بھی ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ ان کے خلاف آخری اور حتمی فیصلہ کیا جائے ۔ انکا کہنا تھا کہ ملالہ اور بشیر بلور پر ہوئے حملے کے بعد پوری قوم ان دہشت گردوں کے خلاف ایک ہوچکی ہے اور یہی وقت ہے کہ وفاقی حکومت جسکے زیر انتظام قبائلی امور ہیں وہ یا تو با معنی مزاکرات کرے یا پھر ان عناصر کے خلاف بھر پور آپریشن کرے تاکہ ملک و قوم کو اس ناسور سے نجات ملک سکے ۔

میاں افتخار حسین نے اس موقع پر شہید بشیر بلور کو اپنے الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وصیعت کررکھی تھی کہ اگر سینے پر گولی کھاوں تو میرا چہرہ میرے گھر والے دیکھیں نہیں تو مجھے ایسے ہی دفنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بشیر بلور ایک نڈر اور بے باک انسان تھے اور اس حکومت میں ان لوگوں کی لسٹ میں سر فہرست ہیں جو باقائدگی سے اپنے دفتر میں موجود ہوتے اور عوام سے مکمل رابطے میں تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید بشیر بلور کے مشن کو اے این پی کا ہر کارکن آخری دم تک جاری رکھے گا اور باچا خان کے عدم تشدد کے پیروکار دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ کسی صورت ادھوری نہیں چھوڑینگے ۔